22/10/2024
*پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی بھی سرکاری اداروں کے نقش قدم پر: امدادی سامان تقسیم کے دوران فوٹوسیشن کی تنقید*
گلگت بلتستان میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCS) کی جانب سے بلتستان کے برگے نالہ اور تندل میں امدادی سامان کی تقسیم پر عوامی حلقوں میں تنقید سامنے آئی ہے۔ امدادی سامان کی تقسیم کے دوران خواتین کو امدادی پیکجز کے ساتھ بٹھا کر تصاویر بنوانے کا عمل عوام کی نظروں میں ایک فوٹوسیشن کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے، جس میں متاثرہ خواتین کو محض تصویری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
امدادی تقریب کے دوران کئی خواتین نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی اور بعض خواتین نے منہ ڈھانپ کر فوٹوسیشن سے گریز کیا۔ مقامی افراد نے اس طرز عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امداد کے دوران فوٹوسیشن کی بجائے غریبوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ فوٹوسیشنز اور تشہیری تقاریب سے زیادہ ضروری ہے کہ امدادی سامان کی تقسیم کا عمل باوقار اور انسانی حقوق کے احترام کے ساتھ مکمل کیا جائے، تاکہ امداد حاصل کرنے والوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ PRCS جیسے فلاحی ادارے کو اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ امدادی سرگرمیاں حقیقی خدمت کے جذبے سے انجام دی جائیں، نہ کہ صرف تشہیر کے لیے۔