30/09/2025
تحصیل شاہ عالم چارسدہ روڈ پر ہیلتھ کیئر کمیشن کا کریک ڈاؤن، غیر قانونی میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریاں نشانے پر
سرکاری عملے اور کمیشن کی موجودگی کی اطلاع پر درجنوں دکانیں بند، عوام اب بھی غیر معیاری سہولیات کے رحم و کرم پر
پشاور (فیاض علی نور فری لانس جرنلسٹ ) تحصیل شاہ عالم چارسدہ روڈ پر خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے غیر قانونی میڈیکل سٹورز اور غیر تربیت یافتہ عملے کے ذریعے چلنے والی لیبارٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ تاہم عینی شاہدین کے مطابق کمیشن کی ٹیم جیسے ہی علاقے میں پہنچی تو بیشتر میڈیکل سٹورز اور لیبارٹریوں نے اطلاع ملتے ہی اپنی دکانیں بند کر کے فرار اختیار کر لیا، جس کے باعث ادارہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔واضح رہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن نے جنوری تا جون 2025 کے دوران صوبے بھر میں **7 ہزار 474 معائنہ جات** کیے، جن میں سے **2 ہزار 692 اداروں کو نوٹسز** جاری کیے گئے، **1 ہزار 218 اداروں کو عارضی طور پر سیل** اور **395 کو مستقل طور پر بند** کیا گیا، جبکہ **977 اداروں پر جرمانے** عائد ہوئے۔ اسی عرصے میں **1 ہزار 218 نئے اداروں کی رجسٹریشن** بھی عمل میں لائی گئی۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگرچہ کمیشن نے پہلے بھی غیر قانونی لیبارٹریوں اور میڈیکل سٹورز پر جرمانے عائد کیے تھے، لیکن ان جرمانوں کا بوجھ براہِ راست مریضوں پر منتقل کیا جا رہا ہے اور شہری دونوں ہاتھوں سے لوٹے جا رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن اور متعلقہ ادارے نمائشی چھاپوں کی بجائے پائیدار اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ مزید کھلواڑ نہ ہو۔ بصورتِ دیگر شہری عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے۔