31/10/2024
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا ملتان کے نواحی علاقے کا دورہ
ملتان: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شجاع آباد کے نواحی علاقے میں آکر بلوچستان میں سانحہ پنجگور اور سانحہ موسیٰ خیل میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور مزدور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی. شہداء کے ورثاء سے اظہارِ ہمدردی اور صبر جمیل کے لیے دعا بھی کی.
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں. اللہ تعالیٰ شہداء کے مقدس خون کا بدلہ لینے کی توفیق دے. وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے خاندانوں کو 15 لاکھ روپے اور زخمی مزدور کو 5 لاکھ روپے فی کس امدادی چیکس دئیے.
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں. کسی بلوچ نے کسی پنجابی یا سرائیکی بھائی کو شہید نہیں کیا. دہشت گردوں کا کسی قوم یا مذہب سے تعلق نہیں ہوتا.
ملک عزیز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے. معصوم لوگوں کے مقدس خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے. دہشت گردوں نے معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا. بلوچ ایک مہمان نواز قوم ہے. دہشت گردی ہماری روایت نہیں. انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سے آکر لوگ بلوچستان کی ترقی میں کردار ادا کرتے ہیں. دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر امن و امان قائم کریں گے. سارے بلوچ قبائل نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے. غم اور دکھ کو بنیاد بنا کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے. اس واقعہ میں ملوث ایک بھی دہشت گرد نہیں بچے گا. میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں شہید ہونے والے پنجاب کے شہداء کے بچوں کے 16 سال تک کے تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی. شہداء کے خاندانوں کی کفالت بھی حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہوگی.
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی "را" کے ملوث ہونے کے مضبوط ثبوت موجود ہیں. " را" کے فنڈڈ لشکر بلوچستان میں دہشت گردی کر رہے ہیں. بلوچستان میں کام کرنے والے افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے. اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی کی طرف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا آمد اور شہداء کے ساتھ اظہار ہمدردی اور امداد کا شکریہ ادا کیا. اور کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے ہم سب متحد ہو کر کھڑے ہیں. وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر بھی موجود تھے
اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلوچستان سلیم احمد کھوسو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شہباز علی شاہ بھی تھے اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو ، سی پی او صادق علی ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سلمان ظفر بھی موجود تھے