07/08/2023
مکھڈ : ضلع اٹک کا گاؤں جو صدیوں قدیم بود و باش کا نمونہ ہے
صبح کی روشنی پھیلنے سے پہلے یہ شہر جاگ جاتا ہے۔ مسجد سے آذان کی آوازیں آنا شروع ہو جاتیں اور مندروں کی گھنٹیاں بھی بج اٹھتی ہیں۔ راستے میں آنے جانے والوں کی قدموں کی چاپ سنائی دینی لگتی ہے۔ یہ چاپ بڑھتی اور پھر باتوں کی آوازوں کی آمیزش شامل ہو جاتی۔ کسی سرائے میں محو استراحت تاجر اور ان کے مدد گار اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور باہر بندھے اونٹوں کو دلاسا اور چارہ دیتے ہیں۔ کئی ایک قافلے جانے کی تیاری میں ہیں کیوں کہ انھوں نے رات یہاں سے سامان لے لیا اور تھا اور اب صبح ہوتے ہی ان کے کوچ کی منزل آ پہنچی تھی اور کچھ جو رات یہاں پہنچے تھے وہ اپنی خریداری کے حساب کتاب میں مصروف ہیں۔ چادر کندھے پر ڈالے کچھ لوگ تو مسجد کا رخ کرتے ہیں اور پھر دربار پر فاتحہ خوانی کر کے بازار کی گہما گہمی میں اضافہ کرتے ہیں۔ تاجروں اپنے شناسا چہروں کو ملتے، ان سے خیر سلامت کرتے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہوشیاری ان کی آنکھوں سے عیاں ہے۔ کہیں اچھا مال دیکھ کر ان کی آنکھیں چمک اٹھتی ہیں لیکن وہ اسے چھپانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔ کہیں مالک آنے والوں کو غور سے دیکھتے ہوئ