15/12/2024
بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا
#حب، بلوچستان کا صنعتی مرکز، ان دنوں شدید ٹریفک جام کے مسئلے سے دوچار ہے۔ صبح سے شام تک بازار کے اندر سے ہیوی ٹرانسپورٹ، بشمول ٹرک، ٹریلرز، بسیں، اور ٹریکٹرز، گزرتے ہیں جس کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے حالانکہ بائی پاس کے ہوتے ہوئے بڑی گاڑیوں کا بازار میں داخلہ ممنوع ہے، مگر ٹریفک پولیس کی مبینہ بھتہ خوری کی وجہ سے ہیوی ٹرانسپورٹ شہر کے اندر داخل ہو جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں مندرا چوک سمیت دیگر اہم راستوں پر شدید رش ہوتا ہے، جس سے لوگوں کو عدالت، ہسپتال، اور دیگر مقامات پر پہنچنے میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے صورتحال یہاں تک بگڑ چکی ہے کہ اکثر ایمبولینسز کو راستہ نہ ملنے کے سبب مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں۔
ایس ایس پی معروف عثمان سے اپیل
شہریوں نے ایس ایس پی معروف عثمان اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ بائی پاس کے مقام پر ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔
سندھ بلوچستان بارڈر پل کے علاقے میں بھی دو اہلکار تعینات کیے جائیں جو ہیوی ٹرانسپورٹ کا رخ شہر سے باہر موڑ دیں۔
یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنائیں گے بلکہ عام شہریوں کو اس مسئلے سے نجات دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
ٹریفک جام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیب کترے اور چور بھی سرگرم ہو جاتے ہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔
حکام سے فوری اقدامات کی توقع ہے تاکہ حب کے شہری اس سنگین مسئلے سے نجات حاصل کر سکیں۔