01/11/2024
تجارت، ترقی اور تربیت (قسط۲)
محمد افتخار الحسن رضوی
کاروباری دنیا میں داخل ہونے سے قبل کرنے والے کچھ ہیں۔ مثلا، خود کو کمفرٹ زون سے باہر نکالیں۔ ہر بندے کا کمفرٹ زون مختلف ہے۔ مثلا ایک امام مسجد سوچتا ہے کہ خیر ہے، کاروبار نہ بھی کروں گا تو اللہ کے دین کی برکت سے ملتا ہی رہے گا، ختم، نکاح، ربیع الاول اور محرم میں لوگ نذرانے پیش کر ہی دیتے ہیں۔ بطور امام پوری رات جاگتا ہوں، گپ شپ، محافل کرتا ہوں، دن بھر سوتا ہوں، اللہ بیٹھے بٹھائے دے رہا ہے وغیرہ۔ یہ سب کچھ نفس کا دھوکہ اور اپنے جسم کو برباد کرنے والا عمل ہے۔ اسی وجہ سے ائمہ مساجد بے عمل ہو کر رہ گئے ہیں۔ اور یہ فکر و طرز سنت رسول علیہ الصلاة والسلام کے خلاف ہے۔
ایک کاروباری شخص کی اولاد کا کمفرٹ زون یہ ہے کہ ابا کما رہے ہیں، اگلی سات نسلیں کھا سکیں گی۔ ڈرائیور، نوکر، گاڑی، بنگلہ سب ہے، ہم کیوں اپنا جسم تھکائیں۔
ایک پیر کا اور اس کی اولاد کا کمفرٹ زون یہ کہ ہمارے لاکھوں مرید ہیں، عمامہ جوتا، لباس، موسمی کھانے سب احباب طریقت ہدیہ کر رہے ہیں، یہ اللہ کی عطا ہی تو ہے، ہم کیوں ناشکری کریں اور جا کر نوکری یا کاروبار میں وقت برباد کریں۔ یہ بھی ان حضرات کا خود کو دیا گیا دھوکہ ہے۔
اپنے نفس پر سختی کریں ، فطرت کے نظام کے تحت اور رسول اللہ علیہ الصلاة والسلام کے فرمان کے مطابق، فجر کے وقت اٹھ جائیں، رات جلدی سو جائیں۔ اگر کام نہیں ہے تو بھی دن کا وقت باہر گزاریں، واک کریں، دوڑ لگائیں، مسجد میں رہیں، بستر، ہیٹر، اے سی، موبائل فون، سوشل میڈیا آپ کے جسم و دماغ کے دشمن ہیں۔ ان سے جان چھڑائیں۔
آج سے دو assignments دیتا ہوں، ان پر کام کرنا شروع کریں۔
1. آپ خود کو اپنی ہی عدالت میں پیش کریں، کہ آپ کون سا کام جانتے ہیں، آپ کے پاس کتنا پیسہ ہے، کتنا وقت ہے اور جو چیز آپ بیچنا چاہتے ہیں اس سے متعلق ٹیکنیکل اور مارکیٹنگ نالج کتنا ہے۔ ایک CV or resume نُما فائل تیار کریں، اس میں خود سے اپنا تعارف لکھیں، جس میں آپ کی عصری تعلیم، تجربہ شامل ہو، اگر تجربہ نہیں تو اس میں ایک خانہ interest کا بنائیں، اس میں لکھیں کہ میں یہ کرنا چاہتا ہوں۔ ساتھ میں ایک مختصر پلان لکھیں کہ میں یہ ہدف ایسے حاصل کروں گا وغیرہ۔ لکھ کر اپنی ذات کا جائزہ لینا بہت اہم ہے۔ اگر آپ یہ لکھیں گے تو چند روز بعد میں آپ کو سمجھاوٴں گا کہ یہ ایک صفحے کی CV آپ کی زندگی میں کیا تبدیلی لائے گی۔
2. دو ویب سائٹس اور ایپس اپنے کمپیوٹر اور موبائلز میں انسٹال کریں، انہیں کھنگالنا شروع کریں۔ ان کی interface اور دستیاب features کو سمجھنا شروع کریں۔ پھر ان سے بے حساب و بے شمار فوائد حاصل کرنے سے متعلق میں کچھ لکھ دوں گا۔
پہلی ایپ ChatGPT, دوسری Poe.
یہ دونوں artificial intelligence کا مرجع و منبع ہیں۔ ان ایپس سے صرف جائز کام لینے ہیں، رشتوں کی تلاش اور امراضِ مخصوصہ کا علاج نہیں ڈھونڈنا، شروع کریں اور اپنی پراگریس شئیر کرتے رہیں۔
محمد افتخار الحسن رضوی ۰۱ نومبر ۲۰۲۴