
03/08/2023
*میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان*
اسلام آباد/کراچی/ملتان(3اگست2023ء)
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے سانحہ باجوڑ کے حوالے سے جمعہ 4 اگست کو یوم مذمت اور یوم دعا کے طور پر منانے کا اعلان،ملک بھر کی مساجد میں جمعہ اجتماعات میں سانحہ باجوڑ کے حوالے سے خطبات ہوں گے،دہشت گردی کی مذمت،دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے مطالبات پر مشتمل قراردادیں پاس کی جائیں گی،شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے تمام مساجد میں دعاؤں کا اہتمام ہوگا تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدروفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق سینئر نائب صدر وفاق اور ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے جمعہ 4 اگست کو سانحہ باجوڑ کے حوالے سے ملک بھر میں یوم مذمت اور یوم دعا کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔وفاق المدارس کے قائدین نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ و خطباء کے نام ہدایت جاری کی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں سانحہ باجوڑ،اس سانحہ کے ملک کے مستقبل پر اثرات اوردہشتگردی کی مذمت کے حوالے سے اظہار خیال کریں- جمعہ اجتماعات میں سانحہ باجوڑ کے ذمہ داران کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے،عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے قراردادیں پاس کی جائیں- وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اپیل کی کہ منبر و محراب سے پوری قوم کو دہشت گردی اور بے گناہ انسانیت کا لہو بہانے والی ذہنیت کے سامنے یکجا اور متحد ہونے کی ترغیب دی جائے-انہوں نے کہا تمام مساجد و مدارس میں سانحہ باجوڑ کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کی جائیں #
#مدارس