24/11/2024
چیئرمین یونین کونسل ڈاک میرآزاد خان مینگل نے نوشکی ٹو زاروچہ روڈ کی تعمیر میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار سال سے زیر تعمیر اس منصوبے کی سست رفتاری عوام کے لیے پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔ خاص طور پر گڑانگ پل کی عدم تکمیل سے لوگ بے چینی اور مایوسی کا شکار ہیں۔ بیدی، درزی چاہ، اور سیرشاہ کے قریب روڈ کے نامکمل جوائنٹس سے آمدورفت میں خلل پیدا ہورہا ہے اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے ٹھیکیدار کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر کام مکمل نہ ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش اور سیلاب کے دوران نوشکی کا انام بوستان اور ڈاک یونین کونسل سے زمینی رابطہ مہینوں تک منقطع رہتا ہے، جس سے عوام شدید متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر گڑانگ پل کی تعمیر کا کام جلد دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ حکومت کی بے حسی اور عدم دلچسپی بھی افسوسناک ہے عوام کو ٹھیکیدار اور حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔چیئرمین میر آزاد خان مینگل نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری اقدامات اٹھائے اور منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائے تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو