25/12/2022
کسی کے ہماری زندگی سے چلے جانے سے ہمیں کچھ فرق نہیں پڑتا البتہ کچھ لوگوں کے اخلاق کا پتہ ضرور چلتا ہے۔ کیونکہ لوگوں کے اصل کردار کا ہمیں پتہ ہی تعلق ختم ہونے کے بعد چلتا ہے۔ تعلقات کے شروع میں جو نظر آ رہے ہوتے ہیں وہ جذبات ہوتے اور تعلقات کے اختتام پہ جو نظر آتا وہ حقیقت ہوتی تو تعلق ختم ہونے کے بعد ہی لوگوں کا اصلی چہرہ ہمارے سامنے آتا اس سے پہلے تو وہ تہہ در تہہ نقابوں تلے خود کو چھپائے ہوئے تھے۔ ان کے جانے کے بعد شروع کے چند دن ہی لگتا کہ زندگی جیسے رُک سے گئی ہے کبھی نہ پُر ہونے والا کوئی خلا ہماری زندگی میں ہمیشہ کے لئے رہ جائے گا۔ لیکن پھر ہم خود کو سمجھا کر معمولاتِ زندگی کی طرف واپس لوٹ آتے ہیں کہ یہی زندگی کا دستور ہے۔ ایسے میں کچھ لوگ کچھ ٹائم کے لئے ہی سہی ہمارے ساتھ رہ کر ہماری زندگی کی کہانی کا مختصر کردار ہو کر بھی سب سے خوبصورت کردار بن جاتے ہیں۔ تو جانے والے کچھ یادیں کچھ باتیں ضرور ہمارے پاس چھوڑ جاتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنی نیچ حرکتوں کی وجہ سے ہماری زندگی سے وہ یادیں اور باتیں بھی ہمیشہ کے لئے نوچ پھینکتے ہیں کہ پھر ان سے وابستہ کچھ بھی اچھا یا بُرا سوچنے کو بھی ہماری طبیعت آمادہ نہیں ہوتی۔
پرکشش انسان وہ ہے اپنی ذات میں جو مکمل جہان ہو۔ تو کوشش کریں تعلق کوئی سا بھی ہو مختصر ہی سہی لیکن اسے منافقت سے پاک رکھیں۔ کیونکہ آپ کی موجودگی بےشک عارضی ہو سکتی ہے لیکن آپ کے رویے دوسروں کی زندگیوں میں دائمی اثرات چھوڑ جاتے ہیں۔ جن لوگوں کے ساتھ آپ جڑے ہیں ان سے جڑے احساسات اور جذبات کو کسی قیمتی شے کی طرح سنبھال کر رکھیں۔ تاکہ کل اگر کسی وجہ سے آپ ان کے درمیان نہ بھی رہیں لیکن آپ کے احساس کی خوشبو انھیں اپنے آس پاس ہی کہیں رچی بسی محسوس ہو اور ایسے میں آپ سے جڑی یادیں ان کے لئے خوبصورت اور قیمتی اثاثہ ہوں۔ نا کہ تعلق اس نہج پہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ہو کہ درمیان کا گزارا ہوا سارا خوبصورت ٹائم چھوڑ کر دوسرے شخص کے پاس آپ سے وابستہ صرف تلخ یادیں ہی یاد کرنے کو رہ جائیں اور جس کے یاد آنے سے سینے میں اک کسک کا ہی صرف احساس باقی رہ جائے۔ جب رشتے نبھانے کا ظرف نہ ہو تو رشتے بنانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ پہاڑ سے گرا انسان پھر بھی اٹھ سکتا ہے لیکن کسی کی نظر سے گر کر انسان کسی بھی صورت اپنا مقام پہلے جیسا نہیں بنا سکتا۔
وہ جو اُترے ہیں نظر سے اس بار
اُن کی نظریں بھی اُتاری تھی کبھی
Rozina Asif
Ain Consultant