05/01/2025
بڑے اہداف، منظم منصوبہ بندی اور مسلسل محنت سے بزنس آسمان کی بلندیوں کو چھو لیتا ہے
سعودی عرب کے ریزیڈور ہوٹل گروپ کے ڈائریکٹر جناب باسل طلال کی مفید عام گفتگو
ریزیڈور ہوٹل گروپ سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا تعمیراتی گروپ ہے۔ یہ نہ صرف سعودی عرب میں کام کر رہا ہے، بلکہ اس کے کام کا پھیلاؤ یورپ، جرمنی سمیت دیگر کئی ممالک میں بھی ہے۔ اس وقت تک ریزیڈور ہوٹل گروپ 484 سے زائد دیوہیکل ہوٹل تعمیر کر چکا ہے۔ کہاجاتا ہے کہ اس کے ایک لاکھ، پانچ ہزار کمرے دنیا کے 82 سے زائد ملکوں میں ہیں۔ آئیے! آپ کی ملاقات ریزیڈور ہوٹل گروپ کے ڈائریکٹر جناب باسل طلال سے کرواتے ہیں۔
٭٭٭
٭…… مکہ مکرمہ میں اس وقت ہمارے ہوٹل تقریباً 24,133 کمروں پر مشتمل ہیں، 2017 ء کے آخر تک مکہ مکرمہ میں 11 مزید ہوٹلوں کا افتتاح ہو جائے گا، جن میں حجاج کرام کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے
٭…… سیاحت کے فروغ کے لیے سعودی حکومت نے 800 ملین ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے، اس طرح کے بڑے پیکجز سے سعودی عرب میں سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا
٭…… 2025 ء تک حجاج کرام کی مکہ مکرمہ میں ممکنہ تعداد 25 ملین تک پہنچ جائے گی، جس کے لیے اضافی رہائش کی ضرورت ہو گی، اس کے لیے بھی ریزیڈونر گروپ نے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے
٭٭٭
سوال
ریزیڈور گروپ نے حالیہ دنوں میں کچھ نئے اعلان کیے ہیں، آپ کون کون سے نئے پروجیکٹس پر کام شروع کررہے ہیں؟
جواب
ہمارا گروپ اب صرف سعودی عرب میں محدود نہیں رہا ہے، بلکہ دنیا کے مختلف خطوں: یورپ، افریقا اور وسطی ایشیا کے ممالک میں بھی ہم کام کر رہے ہیں۔ کام کے پھیلاؤ کے باعث ہمیں نئے نئے پروجیکٹس کا اعلان ضرور کرنا پڑتا ہے۔ اس سے گروپ کا معیار اور لوگوں کی دلچسپی برقرار رہتی ہے۔
ہم نے اب دو نئے پروجیکٹس پر کام شروع کیا ہے۔ ایک: ”ریڈیزون بلو“ ہے اور دوسرا: ”Parkinn“۔ الحمد للہ! یہ اب دنیا کے اکثر بڑے شہروں میں تیار ہونے والے ہیں۔
سوال
2016 ء میں پیٹرول کی قیمتیں گرنے سے آپ کے گروپ کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟
جواب
2016 ء میں جب عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں تو اس سے نہ صرف ریزیڈور گروپ متاثر ہوا، بلکہ ہر بڑی کمپنی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔ پیٹرول کی یکدم قیمتیں کم ہونے سے ہم بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے، لیکن دبئی اور امارات میں ہمارے کچھ پروجیکٹس ایسے چل رہے تھے، جن کے معاہدے زیادہ وقت کے تھے۔ اس سے گروپ کو کافی سہارا ملا۔ یوں ہم اپنے دیگر پروجیکٹس کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
سوال
آپ کا گروپ کس ملک میں زیادہ کام کر رہا ہے؟ کہاں اس کو زیادہ مقبولیت حاصل ہے؟
جواب
اس وقت تک ہمارا سب سے زیادہ کام متحدہ عرب امارات میں ہے۔ ریزیڈور گروپ کے سب سے زیادہ ہوٹل وہیں پائے بھی جاتے ہیں اور پسند بھی کیے جاتے ہیں۔ ہمارے منافع شرح کی بھی سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات میں ہی ہے۔
سوال
مکہ مکرمہ میں آپ کی کیا خدمات ہیں؟
جواب
ہم مکہ مکرمہ میں متحدہ عرب امات کے بعد سب سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں اس وقت ہمارے کئی ہوٹل ہیں۔ یہ تقریباً 24 ہزار، 133 کمروں پر مشتمل ہیں۔
ریزیڈور گروپ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ہم 2017ء کے آخر تک مکہ مکرمہ میں 11 مزید ہوٹلوں کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ اس میں ہماری اولیم ترجیح یہ ہے کہ حجاج کرام کو ہر طرح کی سہولیات میسر ہوں، انہیں دقت اور پریشانیوں کا سامنا نہ ہو۔
اس سے قبل ہمارا گروپ مکہ میں Radisson Blo کا افتتاح بھی کر چکا ہے۔ اس سے بڑھ کر یہ ہے کہ 2019ء میں ہم ان شاء اللہ! اپنے دیگر مشہور زمانہ ہوٹلز ”Parkinn by Radison“ بھی تعمیر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
سوال
آپ سعودی عرب میں موجود چند بڑے ہوٹلز کے نام بتائیں گے؟
جواب
اللہ کے فضل و کرم سے ہم سعودی عرب کے متعدد شہروں میں اپنے ہوٹل بنا چکے ہیں۔ ان میں سرفہرست ظہران میں ”ریڑیڈنس بلو“، نصف القمر میں ”راؤ بلو“، بریدۃ میں ”راؤ یسون بلو ہوٹل“، کلۃ النسیم میں ”پارک ان بائی راؤ“ ہیں۔ اسی طرح دمام، نجران، جدۃ، کلۃ العزیزۃ اور خصوصاً ریاض میں ہمارے گروپ کے کئی ہوٹل ہیں۔
سوال
آپ کے خیال میں سعودی حکومت اپنے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے کس قدر سنجیدہ ہے؟
جواب
مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سعودی حکومت اس بارے میں نہ صرف سنجیدہ ہے، بلکہ کئی اہم اقدامات بھی کر رہی ہے۔ سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت نے 800 ملین ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح کے بڑے پیکجز سے سعودی عرب میں سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ ملے گا اور سعودی حکومت کی معیشت میں بھی غیر معمولی ترقی ہو گی۔
اس کے ساتھ حرمین شریفین کی توسیع اور سرکاری اعداد و شمار اور تخمینے کے مطابق 2025 ء تک حجاج کرام کی مکہ مکرمہ میں ممکنہ تعداد 25 ملین تک پہنچ جائے گی۔ اس کے لیے یقینا اضافی رہائش کی ضرورت ہو گی۔ ہم نے ابھی سے اس کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
سوال
آپ کے مستقبل کے کیا ارادے ہیں، ریزیڈور گروپ مزید کون سے اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے؟
جواب
ہم اس سال کے اختتام سے پہلے 17 نئے ہوٹلز کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ ان میں سے 11 سعودی عرب، 5 امارات اور ایک ہوٹل مصر میں ہے۔ یوں ہمارے گروپ کے پاس 3000 کمروں کا اضافہ ہو جائے گا۔ نیز ہم اپنے 2020 ء کے ہدف یعنی 100 ہوٹلز کا ٹارگٹ پورا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
٭٭٭