05/12/2024
میری ایک دوست کی فیملی میں سے کسی نے OLX پر اپنی بائیک برائے فروخت لگائی ، دو دن بعد دیے گئے نمبر پر کال آتی ہے کہ یہ بائیک لینی ہے ، مکمل ایڈریس بتا دیں ، فون نمبر چونکہ صاحبِ خانہ کا تھا انہوں نے مکمل ایڈریس بتا دیا اور کہا تین بجے کے بعد آ کر لے سکتے ہیں کیونکہ میں دفتر ہوں ۔
اب یہی غلطی گلے کا طوق بننے والی تھی ۔
دن گیارہ بجے گھر کی بیل بجی ، دو لوگ بائیک پر تھے ، تیرہ سالہ بچے نے دروازے پر آ کر پوچھا تو کہا گیا کہ OLX پر جو بائیک کا ایڈ لگا ہے وہ دیکھنے آئے ہیں ۔ بچہ گھر کے اندر گیا ، اس کی ماں اور دو چھوٹے بہن بھائی موجود تھے ، چونکہ شوہر نے فون کرکے گھر بتا دیا تھا کہ آج خریدار بائیک لینے آئیں گے ، خاتون نے گیراج کا دروازہ کھول دیا جہاں بائیک کھڑی تھی ۔ ان میں سے پہلے ایک لڑکا اندر آیا اور پھر دوسرا ۔۔۔۔ اور گیراج سے صحن میں چلے آئے ، پستول نکال لی اور سب کو ایک کمرے میں اکٹھا کرکے پہلے سب کے موبائل لیے خاتون کے گہنے اتروا لیے ، پھر ان کو کمرے میں لاک کردیا ، اور الماری میں رکھے پیسے ، زیور اور جتنی بھی قیمتی اشیاء وہ اٹھا سکتے تھے لے کر نکل گئے اور گیٹ باہر سے لاک کردیا ۔
ہزاروں لوگ OLX پر چیزیں بیچتے ہیں ، لیکن جب بھی فروخت کرنی ہوں کبھی بھی گھر کا ایڈریس ایسے مت دیں کہ گھر میں صرف بچے اور خواتین موجود ہوں ، بلکہ گھر سے باہر کسی قریبی لوکیشن کا پتہ دیں تاکہ وہاں بارگینگ ہوسکے ۔ اب لوگوں نے فراڈ ایک طریقہ یہ بھی اپنا لیا ہے کہ خریدار بن کے ایڈریس لیتے ہیں ، اور گھروں کے اندر گھس کر لوٹ مار کرتے ہیں ۔
اس لیے احتیاط کیجیے
Asifa Ambreen Qazi