25/12/2024
ژوب کے عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی جیسے دیرینہ مسائل کا سامنا تھا، جو ان کی روزمرہ زندگی اور معاشی سرگرمیوں پر گہرے اثرات ڈال رہے تھے۔ ان مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے سینیٹر بلال احمد خان مندوخیل نے کئی بار اسلام آباد میں کیسکو کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کیں اور اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے گفتگو کی۔ ان ملاقاتوں کے تسلسل میں، سینیٹر بلال احمد خان نے حالیہ دنوں سی ای او کیسکو انجینئر شفقت علی اور چیف انجینئر ٹیکنیکل یوسف شاہ سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں ژوب کے بجلی کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سینیٹر بلال احمد خان نے ژوب گریڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے 20/26 کے ٹرانسفارمر کی منظوری کی درخواست پیش کی۔ سی ای او کیسکو انجینئر شفقت علی نے فوری طور پر منظوری کے احکامات جاری کیے۔ اس منصوبے کے تحت اگلے دو دنوں میں ژوب گریڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا کام شروع ہوگا اور 20/26 کے ٹرانسفارمر کی تنصیب مکمل کی جائے گی۔ یہ پیشرفت ژوب کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ اس سے نہ صرف وولٹیج کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا، جس سے عوام کی زندگیوں میں واضح بہتری آئے گی۔ سینیٹر بلال احمد خان مندوخیل نے اس اہم مسئلے کو حل کرنے میں بار بار اسلام آباد میں کیسکو کے اعلیٰ افسران سے ملاقاتوں اور ان کی ذاتی دلچسپی پر سی ای او کیسکو انجینئر شفقت علی اور چیف انجینئر ٹیکنیکل یوسف شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سنجیدہ کوششوں اور فوری اقدام کے باعث ژوب کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوا، جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔