![مری، گلیات اور وادی لیپہ میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گلیات میں 4 سے 5 انچ برف پڑ چکی ہے، مری میں بھی برف...](https://img3.medioq.com/589/970/1062429395899707.jpg)
02/02/2025
مری، گلیات اور وادی لیپہ میں برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گلیات میں 4 سے 5 انچ برف پڑ چکی ہے، مری میں بھی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔
ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایبٹ آباد گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹاف مری روڈ پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے موجود ہے۔
ہیوی مشینری کے ساتھ راستوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گلیات آنے والے سیاح اپنے ساتھ گرم ملبوسات لائیں، گاڑیوں کو سڑک کے کنارے کی بجائے محفوظ مقام میں پارک کریں۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری میں ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔مری میں دھند اور بادلوں نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مری میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، انہوں نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
مری سٹی ٹریفک پولیس نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھند کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مری جانے سے قبل موسم اور ٹریفک کی صورتحال جانچ لیں۔
سدھنوتی، تراڑکھل اور پلندری میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، وادی لیپہ کے بلند مقامات بتھواڑ گلی روڈ، شیر گلی روڈ، پنجال گلی داؤ کھن، ریشیاں شمس پری، شیشہ مالی برف سے ڈھک گئے ہیں۔