25/06/2025
وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (FPCCI) نے چائنا پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ کونسل کے پاکستان میں صدر، ممتاز کاروباری شخصیت اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد کو اپنی سٹینڈنگ کمیٹی "پاکستان چائنہ بزنس ڈویلپمنٹ" کا کنوینر مقرر کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے بعد ملک بھر کی کاروباری برادری کی جانب سے ڈاکٹر محمد امجد کی تقرری کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ مختلف صنعتکاروں، تاجروں اور کاروباری تنظیموں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد امجد کی کاروباری میدان میں گراں قدر خدمات اور بین الاقوامی روابط کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ وہ پاکستان چائنہ بزنس ڈویلپمنٹ کے حوالے سے نئے مواقع پیدا کریں گے اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دیں گے۔ تقرری کے بعد ڈاکٹر محمد امجد نے اس اعتماد پر FPCCI قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے تاکہ پاک چین تجارتی تعلقات میں مزید وسعت پیدا کی جا سکے۔