11/10/2023
گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ کے زیر صدارت رواں ماہ کے آخر ی ہفتے یونیورسٹی میں منعقد موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والے انٹرنیشنل کانفرنس کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں یو نیورسٹی کے سینئر افسران سمیت یو این ڈی پی گلاف ٹو پراجیکٹ کے ذمہ داران موجود تھے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ادارہ جاتی وقار کو بلند کرنے میں یو این ڈی پی باالخصوص گلاف ٹو پراجیکٹ کا کردار لائق تحسین ہے۔ گلاف ٹو پراجیکٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت یونیورسٹی نے گلیشئرز کے پگھلاؤ، گلیشئرز کی پیوند کاری اور پانی کے متبادل ذخائر کی پیداواری اور تحقیق کے سلسلے میں متعدد منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جن سے نہ صرف قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی بلکہ قدرتی آفات کے خطرات اور آبی بحران سے دوچار علاقوں کے عوام کو بھی خاطرخواہ فوائد حاصل ہوئے۔ انہوں نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام رواں ماہ منعقد ہونے والے بین الاقوامی کانفرنس میں یو این ڈی پی گلاف ٹو پراجیکٹ کے مالی تعاون کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کانفرنس کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایک سٹیٹ آف دی ارٹ ڈیٹا سنٹر کے قیام،قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار علاقوں کی جی آئی ایس میپنگ اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کے سلسلے میں یو این ڈی پی کا تعاون درکار ہے تاکہ ایک مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹا جاسکے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے یو این ڈی پی گلاف ٹو کے صوبائی کوارڈنیٹر عبدالباسط نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ ان کا ادارہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے یونیورسٹی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات میں بھرپور تعاون کرے گا اور دونوں اداروں کی مشترکہ کوششوں سے انٹرنیشنل کانفرنس کو مثالی انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔
جاری کردہ
قراقرم۔انٹر نیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان ۔
تاریخ:11اکتوبر2023