02/01/2026
*آئیسکو (واپڈا) چکوال کے شعبہ کنسٹرکشن کی غفلت یا لاپرواہی،دیہی علاقوں میں شہریوں کی ذاتی زمین اور پلاٹوں میں کھمبے اور ٹرانسفارمر گاڑ دیئے*
*اظہر شہید سب ڈویژن کے موضع کریالہ کی ڈھوک بلند میں ایک شخص کے ذاتی پلاٹ میں لگائے گئے کھمبے اور ٹرانسفارمر مکان تعمیر کے بعد چار دیواری میں آگئے،مکینوں کیلئے خطرے کی گھنٹی*
*ایس ای آئیسکو چکوال کی ٹیلیفونک کھلی کچہری میں بتائی گئی شکایت پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا،ذاتی اراضی سے کھمبے اور ٹرانسفارمر نہ ہٹایا گیا تو قانونی چارہ جوئی کرینگے،متاثرہ شہری*
*"کرے آئیسکو ۔۔۔ بھرے عوام" ایسا اب نہیں چلے گا،محکمانہ غلطیوں کے ازالہ کیلئے بھاری بھرکم ڈیمانڈ نوٹسز کی صورت میں جرمانے ادا نہیں کرینگے،متاثرہ شہری*
چکوال (عبدالغفار پارس) آئیسکو چکوال کا شعبہ کنسٹرکشن قبضہ مافیا بن بیٹھا،دیہی علاقوں میں عوامی گذرگاہوں اور گلیوں کی بجائے شہریوں کے ذاتی پلاٹس اور ملکیتی زمینوں پر بغیر اجازت یا این او سی کھمبے اور ٹرانسفارمر گاڑ دیئے،اپنی ملکیتی اراضی سے کھمبے اور ٹرانسفارمر ہٹوانے کیلئے درخواست دینے والوں کو "چوری اور سینہ زوری" کے مصداق لاکھوں روپے کے ڈیمانڈ نوٹس دیئے جانے لگے،جس کا ایک منہ بولتا ثبوت اظہر شہید سب ڈویژن کا موضع کریالہ ہے،چند سالوں پہلے ڈھوک بلند کریالہ میں بجلی کے نئے کھمبے اور ٹرانسفارمر لگائے گئے تو آئیسکو (واپڈا) شعبہ کنسٹرکشن چکوال کے صاحبان اختیار اور اہلکاروں نے وہاں خالی پڑے ایک پلاٹ کے مالکان سے اجازت لئے اور بتائے یا پوچھے بغیر ہی من مرضی کرتے ہوئے گلی کی بجائے اس پلاٹ میں کھمبے اور ٹرانسفارمر گاڑ دیا،بعد ازاں علم ہونے پر جب پلاٹ مالک نے اپنی اراضی پر غیر قانونی طور پر لگائے گئے کھمبے اور ٹرانسفارمر ہٹوانے کیلئے ایس ای آئیسکو سرکل چکوال کو تحریری درخواست دی تو محکمہ کی جانب سے مذکورہ کھمبے اور ٹرانسفارمر ہٹانے کیلئے سروے کرنے کے بعد اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے الٹا پلاٹ مالک کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کردیا گیا،جس پر پلاٹ مالک نے ڈیمانڈ نوٹس کی صورت میں بھاری بھرکم جرمانہ ادا کرنے سے معذوری ظاہر کی،اب مذکورہ پلاٹ پر جب مکان تعمیر کیا گیا تو بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر گھر کی چار دیواری کے اندر آگئے ہیں اور بجلی کی تاریں بھی نو تعمیر مکان کی چھت کے عین اوپر سے گزر رہی ہیں جو اہلخانہ اور بچوں کیلئے خطرناک ہوسکتی ہیں،اس پر مذکورہ پلاٹ کے مالک نے ایس او آئیسکو چکوال کی کھلی کچہری میں شکایت بیان کی تو ایس ای نے یہ کہہ کر تسلی دیدی کہ متعلقہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او ان سے خود ٹیلیفونک رابطہ کریں گے لیکن دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی نہ تو ایس ڈی او اظہر شہید سب ڈویژن نے کوئی رابطہ کیا اور نہ ہی اس معاملے پر کوئی پیشرفت ہوسکی،اس کی بجائے ڈھوک بلند کریالہ میں مزید نئے کھمبے لگادیئے ہیں جن پر جب تاریں ڈالی جائیں گی تو وہ بھی مکانوں کی چھتوں کو چھو رہی ہونگی،اس سلسلہ میں ایک جانب تو متاثرہ گھروں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ نئے کھمبوں پر تاریں نہیں ڈالنے دیں گے تو دوسری جانب متاثرہ پلاٹ کے مالک کا مطالبہ ہے کہ اس کے گھر کی حدود میں لگائے گئے کھمبے اور ٹرانسفارمر فوری طور پر ہٹائے جائیں بصورت دیگر وہ محکمہ واپڈا آئیسکو کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔