
09/09/2025
آئرلینڈ: گھریلو تشدد کے متاثرین کے لیے امیگریشن فیس ختم
ڈبلن (رپورٹ: R24 نیوز)
آئرلینڈ کی حکومت نے ایک اہم اور انسانیت دوست فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گھریلو تشدد کے متاثرین اور بچ جانے والے افراد کو اب امیگریشن رجسٹریشن فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ یہ فیس عام طور پر 300 یورو ہوتی ہے لیکن اب متاثرہ افراد اس سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گے۔
اس حوالے سے وزیر مملکت برائے مائیگریشن کولم بروفی نے نئے قواعد پر دستخط کیے ہیں جن کے تحت ایسے افراد، جن کا قیام آئرلینڈ میں کسی تشدد کرنے والے شریکِ حیات یا فیملی ممبر کے ساتھ منسلک ہے، اب علیحدہ اور آزاد امیگریشن پرمٹ حاصل کرسکیں گے۔ یہ قدم متاثرین کے لیے زیادتی کے رشتے سے نکلنے اور محفوظ ماحول اختیار کرنے میں بڑی رکاوٹ کو دور کرے گا۔
وزیر مملکت کولم بروفی نے کہا:
“ہم جانتے ہیں کہ گھریلو تشدد کے شکار افراد خاص طور پر کمزور ہوتے ہیں جب ان کا ویزہ کسی دوسرے شخص کے سپانسر پر منحصر ہو۔ اس تبدیلی کے ذریعے ہم مالی رکاوٹ ختم کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد بلا خوف و خطر مدد حاصل کرسکیں۔”
وزیر انصاف، امورِ داخلہ و مائیگریشن جِم او’کالاگھن نے کہا:
“کسی کو بھی صرف امیگریشن خدشات کی وجہ سے ظلم برداشت کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ سپانسرشپ کا مطلب کنٹرول نہیں ہے۔ متاثرہ افراد بلا جھجک پولیس کو اطلاع دیں، ان کا قیام آئرلینڈ میں محفوظ رہے گا۔”
ادارہ Cuan کی سی ای او ڈاکٹر اسٹیفنی او کیف نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن فیس کا خاتمہ عملی طور پر متاثرین کی مدد کرے گا اور انہیں اپنے ظالموں سے وابستہ رہنے پر مجبور نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ میں رہائشی اجازت نامہ لینے کے لیے رجسٹریشن ضروری ہے اور اس پر عام طور پر 300 یورو فیس لی جاتی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے مخصوص افراد کے لیے پہلے ہی چھوٹ دی گئی تھی۔ اب اس فہرست میں گھریلو تشدد کے متاثرین کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ اعلان حکومت آئرلینڈ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ گھریلو، جنسی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف “زیرو ٹالرنس” پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور متاثرین کو مکمل قانونی و معاشرتی تحفظ فراہم کیا جائے گا.
fansIrish Pakistani Professionals' AssociationAIPPS - Association of Irish Pakistani Physicians & SurgeonsIPIP- Irish Pakistani ICT ProfessionalsPakistan Embassy IrelandPakistani.irishCouncillor Ammar AliDomino's Pizza IrelandPOC Ireland