
22/01/2025
اسلام آباد( شبیرسہام سے )
تھانہ کراچی کمپنی میں بند شہریوں کی موٹر سائیکلوں سے قیمتی سامان چرانے کا معاملہ، پولیس حکام نے واقعہ میں ملوث ایس ایچ او کے ڈرائیور حشام اور کانسٹیبل محمد عرفان کو معطل کر دیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ڈی پی او مارگلہ معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں۔ انکوائری میں جو بات سامنے آئے گی اس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 21 جنوری 2025ء کو دن ڈیڑھ بجے تھانہ کراچی کمپنی کے گیٹ پر ڈیوٹی پر موجود کانسٹبل محمد عرفان نے تھانے سے موٹر سائیکل کا سامان چرانے والے مکینک کو رنگے ہاتھوں پکڑا تو مکینک کو چھڑانے کے لئے ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی کا ڈرائیور کانسٹیبل حشام موقع پر آیا اور کانسٹیبل محمد عرفان سے دست و گریباں ہوگیا۔ کانسٹیبل محمد عرفان کے مطابق ایس ایچ او کا ڈرائیور حشام ایک پرائیویٹ شخص کے ذریعے تھانے کے اندر بند شہریوں کی موٹر سائیکلوں کا سامان اتروا رہا تھا جسے رنگے ہاتھوں پکڑا تو کانسٹیبل حشام بپھر گیا اور مجھ پر حملہ کر دیا۔ تاہم پولیس حکام نے اس واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے