08/04/2024
تمام عزیز دوستوں اور پاکستانیوں کواسلام وعلیکم؛
الحمدللہ، آج اکثریت کے لئے (منگل 9 اپریل 2024) آسٹریلیا میں رمضان کے مقدس مہینے کے روزے کا آخری دن ہے۔ امید ہے آپ کے لئے ماہ رمضان رحمتوں کا مہینہ ہوگا ۔ تمام دوستوں اور اہل پاکستانیوں کے روزے ، نمازیں اور تمام عبادات اللہ تعالی قبول فرمائے (آمین)۔
عبادات اور غور و فکر کے ان دنوں میں، ہم نے اللہ کے احکام پر عمل کرنے اور اخلاص کے ساتھ عبادت میں مشغول رہنے کی کوشش کی ہے۔ اللہ اپنی لامحدود رحمتوںمیں ہماری عبادات، روزے اور نیک اعمال قبول فرمائے۔
اللہ تعالی اسِ با برکت مہینہ کے طفیل ہم سب میں پیار اور محبت قائم رکھے (آمین )۔ ہمارے زندگی کا سفر اتحاد، محبت اور سخاوت سے گزرے۔اللہ ہم میں ایمان، اتحاد و اخوت، عزت و احترام برقرار رکھے اور پاکستانیوں کوپیار و محبت کے بندھن میں جوڑے رکھے۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ ہمارے اندر ایک دوسرے کے لیےخلوص اور احترام کے رشتوں کو مزید گہرا کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا رہے۔
میں آپ کی دعاؤں کا طلب گار ہوں، کہ اللہ مزید بہت سے رمضان اور اس کی برکتیں دیکھنے کی سعادت نصیب ہو۔ تاہم، آئیے ہم اس دنیا میں زندگی کی عارضی نوعیت کو بھی یاد رکھیں، اور جب ہمارا وقت آئے تو روانگی کے لیے تیار رہیں۔
میں آپ میں سے ہر ایک سے ان اقدار اور بندھنوں کو برقرار رکھنے کی درخواست کرتا ہوں جو ہمیں ایک پاکستانی کے طور پر متحد کرتے ہیں۔ آئیے ہم ایک دوسرے کی حقیقی محبت، فراخدلی اور ہمدردی کے ساتھ قدر کریں۔ کھلے دل کے ساتھ تعمیری تنقید کو قبول کریں اور ایک دوسرے کے مخلصانہ مشوروں کو قبول کریں۔
جیسا کہ ہم عید الفطر کے پرمسرت موقع کی توقع کر رہے ہیں، آئیے جشن اور اتحاد کے جذبے سے لطف اندوز ہوں اور انُ مسلمانوں کو اپنے مسرت کے لمحات میں یاد رکھیں جو فلسطین، کشمیر، برما، نیپال اور کئی اسلامی اور غیر اسلامی ممالک میں اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بالخصوص اللہ تعالی فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے شہادتوں کو قبول کرے ۔ فلسطین اور فلسطین کے مسلمانوں کو آزادی نصیب ہو۔ اللہ بیت المقدس میں اسلام کا پرچم سر بلند کرے اور فلسطین ایک مرتبہ پھر عظیم اسلامی ریاست بنائے۔
اللہ تعالی پاکستان میں ایسے قائدین پیدا کرے جو پاکستان کے لئے وہ مرتبہ حاصل کریں جس کے لئے یہ مملکت خداداد ہمیں اللہ تعالی سے نصیب ہوئی تھی (آمین)۔
بدقسمتی سے آج پاکستانی عوام اپنی سچی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، مالی اور معاشی بد حالی کا شکار ہیں۔ اللہ رمضان المبارک کے با برکت مہینہ کے طفیل پاکستان اور پاکستانیوں کو تمام مشکلات اور امتحانات میں کامیابی عطا کرے (آمین)۔ کیونکہ آج ہم اداس اور دکھ بھرے دور سے گزر رہے ہیں لحاظہ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ اللہ ہمیں عید کی روائتی خوشیاں دیکھنی نصیب کرے اور ان بہن بھائیوں کی طرف توجہ مطلوب کرنے کی توفیق دے جو عید کے موقع پر مدد کے مستحق ہیں (آمین)۔
محبت اور دعاؤں کے ساتھ،
سید عتیق الحسن، سڈنی آسٹریلیا