17/01/2024
ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020ء کی دفعہ 78کی ذیلی دفعہ (4)کی منشاء کے مطابق ہر رکن اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ ہر سال 30جون سے پہلے کے اپنے اور اپنی زیرِ کفالت بیوی بچوں کے اثاثہ جات کی تفصیل اسی سال 31دسمبر سے قبل آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے۔ کمیشن ہٰذا نے متذکرہ بالا قانون کی رُو سے جملہ اراکین اسمبلی کو بذریعہ پریس ریلیز یاددہانی جاری کرتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ وہ تحت قانون اپنے سالانہ اثاثہ جات کی تفصیل مورخہ 15جنوری 2024ء تک بہرصورت آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں بصورت دیگر تحت قانون ان کی رکنیت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے معطل کر دی جائے گی لیکن ابھی تک ایک رکن اسمبلی چوہدری علی شان سونی حلقہ ایل اے 6-بھمبر 2-نے اپنے اثاثہ جات برائے مالی سال 2022-23 کی تفصیل کمیشن ہٰذا میں جمع نہیں کروائی۔بحالات بالا آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن بمنشاء آزادجموں وکشمیر ا لیکشنز ایکٹ 2020کی دفعہ 78کی ذیلی دفعہ (6)کی رو سے 16جنوری سے رکن اسمبلی چوہدری علی شان سونی حلقہ ایل اے 6- بھمبر 2- کی رکنیت معطل کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ رکن اسمبلی کی رکنیت اس وقت تک معطل رہے گی جب تک وہ اپنے اثاثہ جات برائے مالی سال 2022-23کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرواتے۔