02/04/2024
فائنل۔ پاکستان بمقابلہ نیدرلینڈز (ہاکی ورلڈ کپ 1978ء کی یادیں)
2اپریل1978ء کے تاریخی دن ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس کے پولو گرائونڈ پر پاکستانی شاہینوں نے ڈچ حریفوں کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
میچ کا آغاز نہایت جارحانہ انداز میں ہوا جب کھیل کے صرف دوسرے منٹ میں اختر رسول نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور 9ویں منٹ میں ٹائیز کروزے نے پنالٹی اسٹروک پر ہی گول کر کے حساب برابر کر دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ1-1گول سے برابر تھا لیکن دوسرے ہاف میں مجموعی طور پر میچ کے 40ویں منٹ میں پال لٹجنس نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے نیدر لینڈز کو ایک کے مقابلے میں دو گولز کی برتری دِلوا دی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پہلا موقع نہیں تھا جب نیدر لینڈز کی ٹیم نے خسارے میں جانے کے بعد میچ میں واپس آتے ہوئے برتری حاصل کی ہو بلکہ اس سے قبل اسپین اور ارجنٹینا کے خلاف میچوں میں بھی خسارے میں جانے کے بعد ڈچ ٹیم نے فتح حاصل کی تھی۔
لیکن یہاں پاکستانی ٹیم نے نیدر لینڈز کی برتری کا زیادہ پریشر نہیں لیا اور صرف چھ منٹ بعد ہی شہناز شیخ نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر مقابلہ2-2سے برابر کر دیا۔
میچ کے اختتام میں سات منٹ باقی تھے جب احسان اللہ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مجموعہ 3-2 کر دیا۔یہی گول پاکستان کی فتح کی ضمانت ثابت ہوا۔
پاکستان کی ٹیم اس پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور دوسری مرتبہ ہاکی کے عالمی فاتح کا تاج سر پر سجانے والی دنیائے ہاکی کی پہلی ٹیم بنی۔
تصنیف : ہم کھڑے تھے (کھیل کے عالمی مقابلوں میں پاکستانی فتوحات کی داستان)
مصنف: محمد نوید خرم