28/04/2023
محکمہ اطلاعات کے افسران کی حق تلفی قابل قبول نہیں ۔ صوبائی حکومت سے سینئر افسر کو ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا مطالبہ
پشاور۔۔۔۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شمیم شاھد نے خیبر پختونخوا کے نگران حکومت کے محکمہ اطلاعات میں باہر سے ایک افسر کو ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ھوئے اسے محکمہ اطلاعات میں فرائض سرانجام دینے والے افسران کی حق تلفی قرار دیا ھے
شمیم شاہد نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ بد قسمتی یہ ھے کہ اس وقت خیبرپختونخوا کو مولانا فضل الرحمان کے حوالے کیا گیا ھے اور گورنر غلام علی سمیت نگران کابینہ میں شامل تمام وزراء اور مشیر مال کمانے اور بٹورنے میں مصروف عمل ھے ۔ سب کو علم ھے کہ نگران کابینہ میں ایک وزیر جسکو پچھلے کئی عام انتخابات میں لوگوں نے مسترد کر دیا ھے برملا ایک عام افسر سے دو کروڑ روپے کا مطالبہ کر رھا ھے ۔ اسی طرح دیگر وزراء میں سے زیادہ تر بھی کرپشن اور اقرباپروری پر توجہ دئے ھوئے ھے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان کو بھی فوری طور پر وزراء اور مشیروں کے کرتوتوں کا نوٹس لینا چاھئے
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے فوری طور پر جمعے کے روز جاری کردہ اعلامیے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر پشاور اور خیبر پختونخوا کے صحافی نہ صرف گورنر ھاوس اور وزیر اعلی ھاوس بلکہ رنگ روڈ پر واقع کرپشن کی گڑھ جمیعت العلماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے مظاھرے کرنے پر مجبور ھونگے ۔