12/03/2023
حمل کے 22 ویں ہفتے میں پیدائش: ’اپنے چھوٹے سے بچے کو انتہائی نازک حالت میں دیکھنا عجیب تجربہ تھا‘
ایموجن حمل کے 22 ویں ہفتے میں پیدا ہوئیں اور چھ ماہ بعد اب وہ اپنے گھر آ گئی ہیں
12 مار چ 2023، 17:11 PKT
اپ ڈیٹ کی گئی 6 گھنٹے قبل
ایموجن جب پیدا ہوئیں تو ان کا وزن محض آدھا کلو تھا۔ ان کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ قبل از وقت یعنی حمل کے صرف 22 ہفتوں بعد پیدا ہوئی تھیں لیکن ان کی بیٹی نے تمام مشکلات کو شکست دے دی۔
ایموجن جب پیدا ہوئیں تو ان کے زندہ رہنے کی 10 فیصد سے بھی کم امید تھی۔
ایموجن جب چھ ستمبر کو ویلز کے شہر سوانسی کے سنگلٹن ہسپتال میں پیدا ہوئیں تو ان کا وزن 515 گرام (یا ایک پاؤنڈ اور ایک اونس) تھا۔
اب 132 دن ہسپتال میں رہنے کے بعد چھ ماہ کی ایموجن اپنے گھر آ گئی ہیں۔
ان کی 28 سالہ والدہ ریچل سٹون ہاؤس نے کہا کہ ’ایموجین اتنی ساری چیزوں سے گزری ہیں، جتنا ہم اپنی زندگی میں کبھی نہیں گزریں گے اور اس نے ان سب کو شکست دی۔‘
ریچل حمل کے ابتدائی ہفتوں میں مقامی ہسپتال گئیں۔ ان کی بچہ دانی سے خون بہنے لگا تھا اور پھر انھیں ان کے پارٹنر کوری کے ساتھ ایمبولینس کے ذریعے سنگلٹن ہسپتال لے جایا گیا۔
ریچل نے کہا کہ ’یہ بہت خوفناک تھا۔ درد بہت تکلیف دہ تھا۔ میں درد کے دوران صرف سانس لینے کی کوشش کرتی رہی۔‘