10/02/2023
پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے اوپننگ بیٹر شرجیل خان کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کے کیمپ کا اچھا آغاز ہوا ہے، ذاتی طور پر پہلے سے ہی اس ایونٹ کی تیاری کر رہا تھا۔ شرجیل خان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم سے کھیلوں، کوشش ہوتی ہے ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دوں، میچ جتواؤں، بطور اوپنر جارح مزاجی ہی میرا انداز ہے۔
جیو نیوز کے مطابق شرجیل خان نے کہا کہ پہلے سے ذہن بنایا تھا کہ مجھے اس لیگ کیلئے کس طرح تیاری کرنی ہے،پاکستان کپ کے بعد کافی ٹائم ملا تھا جس میں پی ایس ایل کی تیاری کی۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے کہ اچھے اسٹارٹ کے بعد لمبا سکور کروں، کراچی کنگز میں سپورٹ ملتی ہے، ماحول انجوائے کر رہا ہوں، ٹی ٹوئنٹی میں ہر سیزن ایک جیسا نہیں ہوتا، پچھلے سیزن کی شکست کو بھول کر نیا سیزن اچھا کھیلیں گے۔