24/08/2023
*🤝 السلام عليكم ورحمة الله وبركاته*
*🌹 سبق: ترجمه و تفسير قرآن مجيد: (24 اگست 2023ء)🌹*
*((سورة طٰهٰ مكية: آیت نمبر: 97))*
🌹أَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيم.🌹
🌹بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ🌹
*🌹📖 قَالَ فَاذْهَبْ فَاِنَّ لَكَ فِي الْحَيٰوةِ اَنْ تَقُوْلَ لَا مِسَاسَ ۠ وَاِنَّ لَكَ مَوْعِدًا لَّنْ تُخْلَفَهٗ ۚ وَانْظُرْ اِلٰٓى اِلٰهِكَ الَّذِيْ ظَلْتَ عَلَيْهِ عَاكِفًا ۭ لَنُحَرِّقَنَّهٗ ثُمَّ لَنَنْسِفَنَّهٗ فِي الْيَمِّ نَسْفًا.۞*
*اردو ترجمه:*
کہا: "پس جا کہ بیشک تیرے لیے زندگی بھر یہ ہے کہ کہتا رہے "ہاتھ نہ لگانا" اور بیشک تیرے لیے ایک اور بھی وعدہ ہے جس کی خلاف ورزی تجھ سے ہرگز نہ کی جائے گی اور اپنے معبود کو دیکھ جس پر تو مجاور بنا رہا، یقینًا ہم اسے ضرور اچھی طرح جلائیں گے، پھر یقینا اسے ضرور سمندر میں اڑا دیں گے، اڑانا اچھی طرح.
*English Translation:*
He said, “Begone! Your lot in this life is to say, ‘No contact.’ And you have an appointment that you will not miss. Now look at your god that you remained devoted to—we will burn it up, and then blow it away into the sea, as powder.”
*🥀تفسير القرآن الكريم🥀*
🖋️ شيخ القرآن والحديث حافظ عبدالسلام بن محمد بھٹوی رحمهما الله تعالى
✍️ "قَالَ فَاذْهَبْ فَاِنَّ لَكَ فِي الْحَيٰوةِ ۔۔": "مِسَاسَ": "قَاتَلَ یُقَاتِلُ مَقَاتَلَةً وَ قِتَالًا" کی طرح باب مفاعلہ کا مصدر ہے جس میں مشارکت پائی جاتی ہے، یعنی ایک دوسرے کو چھونا، ہاتھ لگانا. اللہ تعالیٰ کی طرف سے وہ زندگی بھر کے لیے ایسی بیماری اور عذاب میں مبتلا ہوا کہ وہ کسی کو ہاتھ لگاتا یا کوئی اسے ہاتھ لگاتا، دونوں صورتوں میں اسے شدید تکلیف ہوتی، جس کی حقیقت اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے. وہ اس سے بچنے کے لیے خود ہی کہتا پھرتا کہ "نہ میں تمہیں ہاتھ لگاتا ہوں اور نہ تم مجھے ہاتھ لگاؤ".
¤ بعض تابعین نے کہا ہے کہ ہاتھ لگنے کی صورت میں سامری اور دوسرے شخص دونوں کو بخار چڑھ جاتا تھا، مگر انھوں نے اس خبر کا ذریعہ نہیں بتایا. زندگی ہی میں تمام انسانوں سے اس کا تعلق کاٹ دیا گیا اور وہ تنہائی کے بدترین عذاب میں مبتلا ہوگیا. اس کے عمل سے سزا کی مناسبت اہل علم نے یہ بیان فرمائی ہے کہ گائے کی آواز والا بچھڑا بنا کر اسے معبود کی صورت میں پیش کرنے سے اس کا مقصد شہرت اور لوگوں کو اپنے گرد جمع کرنے کی خواہش تھی، اللہ تعالیٰ نے ایسی سزا دی کہ کسی ایک شخص سے بھی نہ مل سکے.
✍️ "وَاِنَّ لَكَ مَوْعِدًا لَّنْ تُخْلَفَهٗ": مراد موت، قبر اور آخرت کا عذاب ہے.
✍️ "وَانْظُرْ اِلٰٓى اِلٰهِكَ الَّذِيْ ۔۔": "ظَلْتَ": "ظَلَّ یَظَلُّ" (ع) سے واحد مذکر حاضر ہے، جو اصل میں "ظَلِلْتَ" تھا (پہلے لام کے کسرہ کے ساتھ)، بولنے میں دشواری ختم کرنے کے لیے پہلا لام حذف کردیا گیا. وزن "فَعِلْتَ" کے بجائے "فَلْتَ" رہ گیا.
¤ "لَنُحَرِّقَنَّهٗ" جلانے میں شدت کے اظہار کے لیے باب تفعیل استعمال ہوا ہے.
¤ "نَسَفَ یَنْسِفُ نَسْفًا" (ض) اڑانا، بکھیرنا,
¤ "الْيَمِّ" نمکین سمندر اور میٹھے دریا دونوں معنوں میں آتا ہے.
¤ یہاں ایک سوال ہے کہ سونے یا چاندی کے بچھڑے کو آگ میں جلانے سے وہ دھات اڑانے اور بکھیرنے کے قابل تو نہیں ہوتی بلکہ زیادہ خالص اور مضبوط ہوجاتی ہے؟.
* اس کا جواب بعض مفسرین نے یہ دیا ہے کہ وہ گوشت پوست کا بچھڑا بن گیا تھا، مقصد یہ تھا کہ ہم اسے ذبح کرکے اچھی طرح جلا کر دریا یا سمندر میں اڑا کر بکھیر دیں گے، مگر گوشت پوست کا بچھڑا بننے کی بات بالکل بےاصل ہے.
* دوسرا جواب یہ دیا گیا ہے کہ ہم اسے خوب گرم کریں گے، تاکہ وہ نرم ہوجائے، پھر ریتی کے ساتھ اسے ذرہ ذرہ کر کے دریا میں بکھیر دیں گے، مگر قرآن مجید میں ریتی کا ذکر نہیں. اس لیے بعض مفسرین نے فرمایا کہ "حَرَقَ یَحْرُقُ" کا معنی پیسنا بھی آتا ہے اور باب تفعیل میں مزید مبالغہ ہوگیا. یہ جواب بھی زبردستی پر مبنی ہے، کیونکہ "تَحْرِیْقٌ" کا معنی جلانا ہی آتا ہے. اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مجھے اس کا بالکل واضح جواب مل گیا، وہ یہ کہ حکیم جس دھات کا چاہتے ہیں کشتہ بنا لیتے ہیں، جو راکھ کی صورت میں اتنا باریک ہوجاتا ہے کہ پھونک سے اڑ جاتا ہے. اطباء کو انبیاء کے کمال سے تو کوئی نسبت ہی نہیں، لہٰذا ان کے لیے دھات کو راکھ بنانا کیا مشکل ہے؟
¤ موسیٰ (علیہ السلام) کا عمل اس بات کی دلیل ہے کہ غیر اللہ کی عبادت کے لیے جو چیز بھی استعمال ہو رہی ہو اسے مسمار کرنا، جلانا اور اس کا نام و نشان مٹا دینا لازم ہے، خواہ وہ کوئی بت ہو یا درخت یا قبر. ابوالہیاج الاسدی (علی (رضي الله عنه) کے داماد) فرماتے ہیں کہ مجھے علی (رضي الله عنه) نے فرمایا:
"أَلَا أَبْعَثُكَ عَلٰی مَا بَعَثَنِيْ عَلَیْهِ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ أَنْ لاَّ تَدَعَ تِمْثَالاً إِلَّا طَمَسْتَهُ وَلَا قَبْرًا مُشْرِفًا إِلاَّ سَوَّیْتَهُ". [مسلم، الجنائز، باب الأمر بتسویة القبر: ٩٦٩]
"کیا میں تمہیں اس کام پر نہ بھیجوں جس پر مجھے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بھیجا تھا؟ وہ یہ ہے کہ کسی مجسمے کو نہ چھوڑو جسے مٹا نہ دو اور کسی اونچی قبر کو نہ چھوڑو جسے برابر نہ کر دو."
اللہ کی شان دیکھیے، اونچی قبریں برابر کرنے پر علی (رضي الله عنه) کو مقرر فرمایا جنھیں تمام قبر پرست، اپنا پیشوا مانتے ہیں. حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں کی دنیوی و اخروی ذلت و رسوائی کا باعث اہل کتاب کی پیروی میں قبر پرستی اور شرک کی دوسری صورتوں میں مبتلا ہونا اور توحید سے منہ موڑنا ہے. اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اپنی توحید کی طرف پلٹنے کی توفیق عطا فرمائے. (آمین)
¤ "لَنُحَرِّقَنَّهٗ" اور "لَنَنْسِفَنَّهٗ" میں لام تاکید اور نون ثقیلہ کے ساتھ اور پھر "نَسْفًا" مفعول مطلق کے ساتھ تاکید کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہر صورت اسے جلائیں گے اور ہر صورت دریا میں اڑا کر بکھیریں گے. کسی طرح ایسا کرنے سے نہیں ٹلیں گے، خواہ کوئی مقابلے پر آ جائے، یا منت و سماجت کرے، یا اپنے اس معبود کے غیظ و غضب سے ڈراتا رہے، یہ کام ہو کر رہے گا.
واللّٰهُ تعالى أعلم💐💎