19/09/2022
پاکستان
عمران خان کا لاہور میں 100سے زائد بلند و بالا عمارات کی تعمیر کا اعلان، کام کا آغاز اگلے ماہ کیا جائے گا

صوبہ پنجاب کی اکثریتی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں 100 سے زائد بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کردیا
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پہلے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں 100 سے زائدعمودی عمارتوں کی گنجائش ہوگی اورملکی معیشت کو600 ارب سے زائد میسر آئیں گے، عمودی تعمیرات کے مستقبل کے پیشِ نظرلاہور کے مین بولیوارڈ میں زمینی کام کا آغاز اکتوبر 2022ء میں کیا جائے گا، جس سے گرد و نواح کے پورے انفراسٹرکچرکو نئی ہیئت ملے گی۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کو غیراستعمال شدہ سرمائے کو معقول سرمایہ کاری میں ڈھال کر دولت کی تخلیق کی راہ ہموارکرنے کا کام سونپا گیا ہے، بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ایسے منصوبوں کو پنجاب کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی اور مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کیلئے مواقعوں کے ذریعے معاشی نمو اور خوشحالی کا اہتمام کیا جائے گا۔علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں دیہات اور انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی، ایل این جی ایزی پرائیویٹ لمٹیڈ پنجاب کے دیہات اور انڈسٹریز کو گیس فراہم کرے گی، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ رورل گیسی فکیشن پروگرام میں حکومت پنجاب ایل این جی ایزی پرائیویٹ کی معاونت کرے گی، گرین فیول کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوگا، دیہات میں نجی شعبے کے تعاون سے گیس کی فراہمی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔