The most trusted digital media outlet in Gilgit-Baltistan
(7)
01/07/2025
01/07/2025
گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی صرف ٹھیکہ اور نوکری پارٹی بن چکی ہے بدقسمتی سے مہدی شاہ کے بدترین کرپٹ دور پر عوام کی نفرت سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔ پوری پیپلز پارٹی 15 ارب کے مالیت کے بجلی کے منصوبے کے 55 ارب کے ٹھیکے کے پیچھے کھل کے سامنے آچکی ہے حالانکہ سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن نے صرف ٹینڈر کے شفافیت پر سوال اٹھانے کا اپنا جمہوری حق استعمال کیاہے پیپلز پارٹی چور کے داڑھی میں مصداق ذاتیات پر اتر آئی ہے۔
تمام الزامات مسترد کرتے ہیں
ڈپٹی سپیکر کا عہدہ غیر سیاسی ہوتا ہے سعدیہ دانش صاحبہ کا کردار غیر جمہوری اور غیر زمہ دارانہ ہے.
فاروق میر سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن گلگت بلتستان
01/07/2025
سکردو سے لاپتہ ہونے والی سیاح فیملی کی گاڑی جگلوٹ کراس کر گئی، اہل خانہ سے تاحال رابطہ نہیں ہو سکا
سکردو (نیوز ڈیسک) — سکردو سے لاپتہ ہونے والی پشاور کی سیاح فیملی کی گاڑی کی لوکیشن کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سفید کرولا گاڑی (LEH-2847) جگلوٹ کراس کر چکی ہے۔ تاہم گاڑی میں سوار افراد سے تاحال اہل خانہ کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
فیملی میں عثمان احمد، نور احمد، لہذا عثمان اور معراج بی بی شامل ہیں، جو خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے افراد ہیں اور سیاحت کی غرض سے سکردو آئے تھے۔ گاڑی کو آخری بار اتوار کے روز صبح 11:57 پر کچورا ایگزٹ پوائنٹ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھا گیا تھا۔
لاپتہ ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد ٹورسٹ پولیس، ریسکیو 1122، اور ضلعی انتظامیہ نے سکردو میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشن شروع کیا، اور اس مقصد کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ تاہم اب یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ یہ گاڑی سکردو سے نکل کر جگلوٹ کے مقام پر قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) کراس کر چکی ہے۔
ٹورسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ فیملی سے رابطہ نہ ہونے کے بعد فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس گاڑی یا افراد سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔
ادھر اہلِ خانہ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور امدادی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیملی کی خیریت اور واپسی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
30/06/2025
گلگت ( پریس ریلیز ): فیملی پلاننگ 2030 اقدام کے تحت اہم اجلاس کا انعقاد – اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور
حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر، سوشل ویلفیئر اور ویمن ڈویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام "فیملی پلاننگ (FP) 2030" اقدام کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سیرینا ہوٹل گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری سوشل ویلفیئر،پاپولیشن ویلفیئر وویمن ڈویلپمنٹ ہیومن/چائلڈ رائٹس اور یوتھ اففایرز جناب ظفر وقار تاج نے کی، جس میں سرکاری افسران، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان اور ترقیاتی شراکت داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے حوالے سے FP 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔ سیکریٹری نے اپنے خطاب میں شرکاء کو قومی و صوبائی سطح پر مقرر کردہ اہداف کی اہمیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی مؤثر حکمت عملی نہ صرف خواتین اور بچوں کی صحت کو بہتر بناتی ہے بلکہ معاشرتی اور اقتصادی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے FP 2030 کی کامیابی کے لیے اجتماعی اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کے مابین قریبی روابط کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلقہ مسائل، چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور بیداری میں اضافہ، مانع حمل ادویات تک بہتر رسائی، اور صحت کے نظام کو مستحکم بنانے جیسے نکات پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ FP 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، تاکہ گلگت بلتستان میں خواتین، بچوں اور خاندانوں کی صحت و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
30/06/2025
تحریر: عبدل رحمن بخاری
بجلی کی پیداوار میں 50 فیصد کمی—غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضروری ہے
گزشتہ شب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت کی ایک ٹیم نے اچانک 3.2 میگاواٹ بٹوٹ نومل پاور ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس منصوبے کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ یہ اپنی مکمل استعداد کے مطابق بجلی فراہم نہیں کر رہا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ منصوبے کی پیداواری صلاحیت میں تقریباً 50 فیصد کمی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ اس کمی کی بڑی وجہ منصوبے کی ناقص ڈرائنگ اور ڈیزائننگ ہے۔ یہ ایک سنگین تکنیکی غفلت ہے جس کے براہِ راست اثرات نہ صرف بجلی کی فراہمی پر پڑ رہے ہیں بلکہ قومی خزانے کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔
یہ امر باعث تشویش ہے کہ اگر گرمیوں کے موسم میں بجلی کی پیداوار آدھی رہ گئی ہے تو سردیوں میں یہ منصوبہ مکمل طور پر ناکارہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے منصوبے جن میں عوامی پیسہ لگا ہو، ان میں اس طرح کی نااہلی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں—نگر میں دہیتر پاور ہاؤس بھی ناقص ڈیزائننگ کی وجہ سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ایسے درجنوں منصوبے موجود ہیں جنہیں نالائق، نااہل اور غیر ذمہ دار عناصر نے ناقابل استعمال بنا دیا، لیکن افسوس کہ آج تک کسی کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔
ہمیشہ کی طرح یا تو معاملے کو دبا دیا جاتا ہے یا پھر اسے درست کرنے کے نام پر ایک نئی مالی بے ضابطگی شروع ہو جاتی ہے، اور اس کا خمیازہ عوام کو لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑتا ہے۔
وقت آ گیا ہے کہ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے اور بجلی کی پیداوار میں کمی کے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
30/06/2025
صوبائی سیکریٹری برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کا ہنزہ گریٹر واٹر سپلائی اسکیم کا دورہ۔
صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے ہنزہ گریٹر واٹر سپلائی (PSDP) اسکیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کام کا باریکی سے جائزہ لیا۔"
ہنزہ (پریس ریلیز) —صوبائی سیکریٹری برائے مواصلات و تعمیرات عامہ نے ہنزہ گریٹر واٹر سپلائی اسکیم (PSDP) کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ بھی حاصل کی۔
دورے کے دوران صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد نے کام کی رفتار، معیار اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد صاف پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گریٹر واٹر سپلائی اسکیم ہنزہ کے شہریوں کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے جو علاقے کی دیرینہ ضرورت کو پورا کرے گا۔
انہوں نے موقع پر موجود پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ٹھیکیداروں پر زور دیا کہ وہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور منصوبے کو شفاف انداز میں مکمل کریں۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
عوامی نمائندوں اور مقامی شہریوں نے بھی اس منصوبے میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Be the first to know and let us send you an email when لینز Lens posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.