01/05/2023
سیول ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈاکٹرز ڈیوٹی ٹائم کلینک پر گزارنے لگے جو قابل مذمت ہے ،جگنو وزیرستانی
ڈیرہ اسماعیل خان بیورو رپورٹ تفصیلات کے مطابق چونکا دینے والے انکشاف میں ڈیرہ اسماعیل خان کے سول
ہسپتال کے ڈاکٹرز پر مریضوں کو نظر انداز کرنے اور اپنے ذاتی کلینک کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر دوپہر سے پہلے اپنی ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ادھر ڈاکٹر اپنے پرائیویٹ کلینکس پر لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں جس کی وجہ سے سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کا مافیا بن گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگنو وزیرستانی نے سول اسپتال کی ابتر حالت پر تشویش کا اظہار کیا، جہاں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
جگنو وزیرستانی کا مزید کہنا تھا کہ حالات یہاں تک بگڑ چکے ہیں کہ ڈاکٹروں نے کروڑوں روپے کے پرائیویٹ ہسپتال بھی بنا رکھے ہیں جن کا استعمال وہ مریضوں کا مزید استحصال کرتے ہیں۔ جس سے ڈی جی ہیلتھ اور سیکرٹری ہیلتھ ان کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ ایم ایس ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، اور حکومت کو صورتحال کو سدھارنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
جگنو وزیرستانی نے صوبائی حکومت، کمشنر ڈی آئی خان اور ڈی جی ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سول اسپتال میں فرائض میں غفلت برتنے والے ڈاکٹروں اور سائیڈ پر پرائیویٹ اسپتال چلانے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کر کے ڈاکٹروں کے پرائیویٹ اسپتالوں کو بند کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سول ہسپتال کی صورتحال تشویشناک ہے اور ضروری ہے کہ حکام فوری ایکشن لیں۔ مریضوں کو تکلیف ہو رہی ہے، اور یہ ناقابل قبول ہے کہ ڈاکٹر اپنے مالی فائدے کو ان لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود پر ترجیح دیتے ہیں جن کی خدمت کرنا ان کا فرض ہے