![امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن اور منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے ...](https://img3.medioq.com/084/632/1146253380846325.jpg)
16/01/2025
امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن اور منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے نائب صدر کاملا ہیرس اور وزیرخارجہ انٹنی بلنکن کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے یرغمال واپس گھروں کو پہنچیں گے اور غزہ میں امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس معاہدہ ان کی انتظامیہ کے اس منصوبے کا نتیجہ ہے جو انہوں نے مئی میں پیش کیا تھا۔
امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ دی ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تاریخی معاہدہ نومبر میں ان کی تاریخی فتح کی صورت میں ہی ممکن تھا۔ ان کے بقول انہوں نے پوری دنیا پر واضح کر دیا تھا کہ ان کی انتظامیہ مذاکرات کے ذریعے امن معاہدے کی خواہشمند ہو گی تاکہ تمام امریکیوں اور امریکہ کے اتحادیوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس دوران اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتنیاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ حماس کے ساتھ حتمی معاہدے کی جزیات پر ابھی کام ہو رہا ہے۔ اس سے قبل ثالثی کے عمل میں شامل کئی ایک ثالثین، بشمول قطر کی طرف سے بتایا گیا کہ دونوں فریق جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے پر رضامند ہو گئے ہیں۔
اسرائیل حماس جنگ کا آغاز سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد ہوا تھا ، جس میں 1200 لوگ مارے گئے تھے ۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب تک 46 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
بشکریہ
وایس آف امریکا۔۔۔