25/11/2025
ناران:کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تعینات مقامی اہلکار احسن خان عرف شان کے خلاف سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ مقامی ہوٹل مالکان اور شہریوں کے مطابق احسن خان طویل عرصے سے ناران میں ہوٹل مالکان سے بھتہ وصولی، جاری ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے اور مقامی بھتہ خور گروپ کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے تعمیراتی منصوبے بند کرانے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اہلکار کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں وہ ہوٹل مالکان کو پریشرائز کرنے کیلئے کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کا نام استعمال کرتے ہوئے دباؤ ڈالتا ہے۔ تاہم اس ضمن میں جب محکمے کی جانب سے اس حوالے سے ابتدائی تحقیق کی گئی تو افسرانِ بالا نے ایسے کسی اقدام سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ادارہ کسی بھی ایسی غیرقانونی سرگرمی کی ہرگز حمایت نہیں کرتا۔
مقامی ہوٹل مالکان اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ میں موجود ایسے عناصر کی وجہ سے کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور محکمہ سیاحت کی ساکھ بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکامِ بالا کی خاموشی اور عدم توجہی سے کرپٹ عناصر کو تقویت مل رہی ہے اور عوامی سطح پر یہ تاثر مزید گہرا ہورہا ہے کہ مبینہ طور پر کچھ افسران ایسے اہلکاروں کو بچانے میں بھی کردار ادا کررہے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن خان جیسے اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انہیں برطرف کرکے واضح مثال قائم کی جائے، تاکہ کوئی بھی شخص محکمے کے اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کرسکے اور اداروں کی ساکھ مزید متاثر ہونے سے بچائی جا سکے۔