04/02/2022
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد شہر کی پرانی سبزی منڈی میں واقع 17 ایکڑ پر مشتمل عسکری تفریحی پارک کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ نے تفریحی پارک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پارکس جنید اللہ خان کے مطابق پارک کا نام تبدیل کر کے کے ایم سی تفریحی پارک رکھ دیا گیا ہے جب کہ کل سے عام لوگوں کے لیے اس احاطے میں داخلہ مفت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں بنائے گئے شادی ہال کو گرانے کا عمل فی الحال جاری ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
دسمبر 2021 میں، سپریم کورٹ (ایس سی) نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عسکری تفریحی پارک دو ہفتوں میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے کیا جائے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عسکری پارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اس وقت کے چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ حکم جاری کیا۔
عدالت عظمیٰ نے کے ایم سی ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی کہ عسکری پارک کا کنٹرول سنبھال کر اسے لوگوں کے لیے کھول دیا جائے۔ عدالت نے پارک کی اراضی پر قائم دکانیں اور شادی ہال گرانے کا بھی حکم جاری کیا۔