
28/01/2025
27 رجب
عید مبعث الرسول(ص) اہل عالم کو مبارک ہو۔!
روز بعثت خدا پرستی اور توحید شناسی کی سمت لے جانے کا مبارک دن ہے، واقعہ معراج قدرت کی نشانیوں میں سے ایک عظیم نشانی ہے.
علامہ سید ساجد علی نقوی
قائد ملت جعفریہ پاکستان
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجد علی نقوی نے یوم بعثت رسول اکرم ۖ اور شب معراج (27 رجب المرجب) کی مناسبت سے کہا ہے کہ بعثت رسول اکرمۖ انسانیت کو خدا پرستی اور توحید شناسی کی سمت لے جانے کا مبارک دن ہے۔ بعثت پیغمبر اکرم ۖ سے قبل انسانیت جس ابتری اور زوال کا شکار تھی انسانی معاشرہ جس بیگاڑ میں دھنسا ہوا تھا قدم قدم پر مفاسد نے ڈیرے ڈال رکھے تھے جسے قرآن نے ضلال مبین سے تعبیر کیا ایسے ماحول اور اس زمانے میں حضور اکرم ۖکا مبعوث ہونا عالم انسانیت کے لیے ایک عظیم خوشخبری اور دائمی نجات کی نوید ثابت ہوا۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ واقعہ معراج چشم زدن میں ہزاروں لاکھوں میلوں اور کئی آسمانوں کو عبور کرکے ایک خاص مقام پر پہنچنا ہے جو قدرت کی نشانیوں میں سے ایک عظیم نشانی اور انسانی بلندی کی بے نظیر مثال ہے اگرچہ واقعہ معراج سائنس کی رینج سے ماورا ہے اس کے باوجو دروز افزوں سائنسی علوم کا ارتقا ، انسانی علوم کی پیش رفت اور سیٹلائٹ و نجوم کا سفر واقعہ معراج کو حتمی بنا رہا ہے۔واقعہ معراج زندہ رہنے کے آداب اور زندگی کے رموز سے روشناس کرتا ہے ۔
#عیدـمبعث