12/03/2024
این پی سی کی نومنتخب قیادت کا پہلا باضابطہ گورننگ باڈی اجلاس
اسلام آباد(پانا نیوز) نیشنل پریس کلب کی نو منتخب گورننگ باڈی کا پہلا باضابطہ اجلاس صدر اظہر جتوئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں نظامت کے فرائض نو منتخب سیکرٹری نیئر علی نے سرانجام دیئے، اجلاس میں تمام نومنتخب اراکین نے شرکت کی، اجلاس میں سابق صدر انور رضا کی سربراہی میں باڈی کی انتھک محنت اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، اجلاس میں اراکین نے ایجنڈا کے مطابق رمضان فیملی فیسٹیول اور سپورٹس گالاکے حوالے سے اظہار خیال کیا، سیکرٹری این پی سی نے اراکین کورمضان فیملی فیسٹیول اور سپورٹس گالا کے حوالے سے آگاہ کیا، رمضان فیملی فیسٹیول میں ممبران پریس کلب کے بچوں کے درمیان حسب روایت قرآت، حمد و نعت کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائیگا اور مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں میں نقد انعامات تقسیم کئے جائینگے، سپورٹس گالامیں فلڈ لائٹ کرکٹ، بیڈمنٹن،اور سنوکر کے ٹورنامنٹس منعقد کئے جائینگے جبکہ خواتین صحافیوں کے درمیان تیسرے فلڈ لائٹ ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ اوردوسرے بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جائیگا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انعامات دیئے جائینگے، اسکے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی پریس کلب میں ممبران کیلئے روزانہ افطاری کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، عیدالفطر کے موقع پر ممبران اور انکی فیملیز کیلئے خصوصی گفٹ پیکٹس بھی تقسیم کئے جائینگے، اجلاس کے آغاز میں صدر اظہر جتوئی اورایگزیکٹو باڈی ارکان نے پرامن اور صاف و شفاف انتخاب کروانے پر چیئرمین الیکشن کمیٹی عاصم علی رانا اور ممبران راجہ بشیر عثمانی، اصغر چوہدری، ناصر نقوی، زاہد فاروق ملک، چوہدری محمد فیاض،مرزا عبدالقدوس، چوہدری وقاص منیر اور عمر رضوان ڈار کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام صدارتی امیدواروں فاروق فیصل خان، شکیل قرار اور صغیر چوہدری کی جانب سے انتخابی عمل پر اعتماد کا اظہار اور نتائج تسلیم کرنے کو خوش آئندقرار دیا، نومنتخب اراکین نے رمضان فیملی فیسٹیول اور سپورٹس گالا کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، صدر این پی سی اظہر جتوئی نے پریس کلب کی بہتری کیلئے اراکین کی طرف سے دی جانیوالی تجاویز پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلدہی پریس کلب کی بہتری کیلئے اقدامات کر کے پریس کلب کے اراکین کو ایک صحتمند ماحول فراہم کیا جائیگا اور پریس کلب کو ایک فیملی کلب بنانے کیلئے تمام ممبران اپنا اپنا کردار ادا کرینگے۔