21/11/2024
پنجاب کے چھوٹےکسانوں کو مخلص مشورہ
ہر صورت گُڑ اور شکر بنانے کے ویلنے لگائیں ۔
گندم اتنی ہی کاشت کریں جتنی اپنے گائوں یا مقامی شہر کی منڈی میں بیچ سکتے ہیں ۔ باقی زمین پر دیگر فصلیں جیسے مکئی ، باجرہ ، دالیں اور دیگر اجناس کاشت کریں ۔
موسم کی مقامی سبزیاں لگائیں اور اُنھیں اپنے گائوں اور ارد گرد کے گائوں یا مقامی شہر کے باشندوں کو بلاواسطہ بیچیں ۔
اجناس بیچنے کے لیے اپنے ہی گائوں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے بیوپاری پیدا کریں جو معمولی منافع پر آپ کی اجناس مارکیٹ کر سکیں ۔
زمینوں ، نالوں اور کھیتوں کے کناروں پر پاپلر کے درخت لگائیں ۔ یہ درخت فصلیں خراب نہیں کرتے ،زمین کو خشک نہیں ہونے دیتے اور زمین کو ٹھنڈا رکھتے ہیں ،جلد بڑے ہو جاتے ہیں اور خوبصورتی پیدا کرتے ہیں اور لکڑی کی کمی پوری کرتے ہیں ۔
ہر کسان ایک یا دو کنال جگہ پر مالٹے ، امرود اور لیمن کا باغ ضرور لگائیں ۔ اِسی باغ کی زمین میں موسم کی سبزیاں جیسے لہسن ، پیاز ، مولی ، گاجر ، مونگرے اور دیگر سبزیاں اگائیں ۔ خود بھی استعمال کریں اور گائوں میں سستے داموں بیچیں تاکہ شہر کے گندے پانی کی مہنگی سبزیوں سے جان چھٹ جائے ۔ اور آپ کی زمینیں اور کھیت خوبصورت بھی لگیں گے۔
ہر سال کچھ نہ کچھ کپاس ضرور بوئیں جن سے کھدر کے کپڑے بنوائیں اور وہی پہنیں ۔ اِن سے بہتر جدید دنیا میں کوئی برینڈ نہیں ہے۔
اپنے گھر میں ہر کسان گائے یا بھینس ضرور رکھے اور دودھ مقامی سطح پر ہی بیچیں ۔
مقامی چمڑے کے جوتے بنانے والے اور کپڑا بنانے والے لوگوں کو اپنے اپنے گائوں میں کام کرنے کی جگہ دیں اور اُن کے ہاتھوں بنی ہوئی چیزیں خریدنے کا آغاز کریں
اپنے گھر کے سامنے ، مال کے باڑے میں یا زمینوں پر درخت ضرور لگائیں ۔ گرمی کم ہو گی ۔ بجلی کم استعمال ہو گا ۔ گیس ، بجلی اور پانی اور دیگر بِلوں سے جان چھوٹے گی ۔
بھٹے کی پکی ہوئی لال اینٹوں سے مکان بنائیں جس میں بانس کا استعمال کریں ۔ اور مکان کو باہر سے پلستر مت کریں ۔ یہ ٹھنڈا رہے گا اور ہلکے پنکھے سے بھی اے سی جیسا کام کرے گا ۔ ا،س بارے میں مَیں مفت مشورے دے سکتا ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اے میرے پیارے کسان بھائیو
اگر تم یہ کام جلد شروع کر دو گے تو تمھاری بزنس مینوں ، فلور مل مافیا ، شوگر مافیا اور دیگر کئی مافیاز سے جان بچے گی۔ معاشی تنگی نہیں آئے گی ، کھانے ،پینے ، پہننے کی بنیادی ضروریات بغیر پیسوں کے پوری ہوں گی ۔ بیماریاں کم سے کم ہوں گی ، جسم کو حرکت ہو گی ۔ بلڈ پریشر ، کولیسٹرول اور شوگر سے چھوٹے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔ جو کسان دوست آج ہی سے یہ کام شروع کرنا چاہتا ہے وہ نیچے کمنٹ میں بتائے ۔ اور اِس پوسٹ کو اپنے دیگر کسان بھائیوں میں شیئر کرے اور کسان مہم کا آغاز کرے
بشکریہ
علی اکبر ناطق