
16/10/2023
*نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں ایس ڈی او کیسکو مستونگ کی طرف سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی نذیر احمد سرپرہ پر عوامی حقوق کو اجاگر کرنے اور کیسکو کی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر ایف آئی آر درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حق و حقوق کی بات کرنا اور اداروں کے ظلم و انصافی کے خلاف جمہوری احتجاج کرنے کا حق آئین پاکستان فراہم کرتا ہے۔لیکن کیسکو مستونگ آئین کو مقدم سمجھنے کے بجائے آواز بلند کرنے والے سیاسی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے جو کہ افسوس کا مقام ہے بیان میں کہا گیا کہ جب سے کیسکو کو بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات جاری ہوئے تب سے کیسکو جلاد بن کر عوام کی عزت و نفس سے کھیل رہا ہے۔شریف شہریوں کو تنگ و ہراساں کرنے میں مصروف ہے۔دوسری طرف خود چوری کرنے میں ملوث ہے.بیان میں کہا گیا کہ کیسکو احکام زمینداروں کے معاشی قتل میں مصروف ہیں زمیندار طبقہ کے بجلی کو بند کرنا اور کھمبوں سے ٹرانسفارمر کو اتارنے جیسے منفی اقدامات کررہی ہے۔جو کہ قابل مذمت ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر نے آل پارٹیز کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنے سے خطاب میں کیسکو مستونگ کے ناجائز کاروائیوں اور ظلم و زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کی تو ایس ڈی او مستونگ کو اپنی کرپشن کی داستان کو زبان زدعام کرنا گورا نہ ہوا اور اس نے پارٹی صدر کے خلاف ایف آئی درج کی۔بیان میں کہا گیا کہ کیسکو ایف آئی آر کو واپس لے اور عوام کو تنگ و ہراساں نہ کریں۔نیشنل پارٹی عوامی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریگی۔*