26/12/2024
اردو ادب کی ممتاز شاعرہ پروین شاکر کا انتقال 26 دسمبر 1994 کو اسلام آباد میں ایک المناک حادثے میں ہوا۔ اس دن وہ اپنے دفتر جا رہی تھیں جب ان کی کار کا ایک بس سے تصادم ہوا۔ یہ حادثہ اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں پیش آیا، جہاں اب اس سڑک کو "پروین شاکر روڈ" کے نام سے جانا جاتا ہے۔
حادثے کی وجہ ٹریفک سگنلز کا غیر فعال ہونا تھا، جو اس دن بجلی کی بندش کی وجہ سے کام نہیں کر رہے تھے۔ پروین شاکر صرف 42 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئیں، اور ان کے انتقال کو اردو ادب کا ایک بڑا نقصان سمجھا جاتا ہے۔
ان کے بیٹے مراد، جو اس وقت صرف 15 سال کے تھے، اس دن کی تفصیلات یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن بارش ہو رہی تھی، اور ان کی والدہ ہمیشہ کی طرح دفتر جانے کے لیے نکلی تھیں۔ صبح تقریباً ساڑھے نو بجے انہیں حادثے کی خبر ملی۔ پروین شاکر کو فوراً اسپتال لے جایا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا سکیں۔