پاکستانی ملّی نغمات کی واحد مختص ویب سائٹ کا پیج جس میں
پاکستانی قومی نغمات کی واحد مختص ویب سائٹ پاک پیٹریاٹک لائبریر کا پیج
جس میں ہم فیس بُک پر قومی نغمات کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں
12/06/2025
سنہرا زمانہ ۔۔۔ سنہرے ملٌی نغمات
وہ وقت جب آڈیو کیسٹ کے اِن لے کارڈ کو بھی خوبصورتی سے سجایا جاتا۔ کبھی سادہ تو کبھی قومی رہنماؤں اور قومی نشانات سے مزین ان کارڈز میں ہی کشش تھی۔
12/06/2025
"ہوگا دنیا میں تو بے مثال ۔۔ میرے بچے میرے نونہال"
ہمدرد گرائپ واٹر کے اشتہار میں نغمے کے یہ بول تو یقیناً بہت سے افراد نے سنے ہوں گے جسے مہناز بیگم نے گایا تھا ۔ مگر ہمدرد لیبارٹری وقف پاکستان کے تحت یہ مکمل نغمہ بھی ہے جو 1974ء کو ہمدرد کی جانب سے ای ایم آئی پاکستان نے جاری کیا۔ یہ بچوں کے لیے دراصل ایک ملٌی نغمہ ہی ہے جس میں ایک ماں اپنے بچے کے لیے ملی جذبات کا اظہار کچھ یوں کرتی ہے ؛
" ماں کے خوابوں کی تعبیر ہے تو
ملک و ملت کی تقدیر ہے تو
تیری معصومیت میں پنہاں ہے
صبحِ فردہ کی تصویر ہے تو
منتظر ہیں ترے ماہ و سال
میرے بچے ! میرے نونہال
پھول کی طرح کانٹوں میں جینا
ہے یہی زندگی کا خزینہ
ٹیپو سلطانؒ و حیدر علیؒ سے
سیکھنا زندگی کا قرینہ
تاکہ تو بھی بنے بے مثال
میرے بچے ! میرے نونہال"
اس نغمے کے خالق مشرقی پاکستان کی فلموں میں بے شمار گیت لکھنے والے شاعر سرور بارہ بنکوی تھے جبکہ فانی نے اس کی موسیقی ترتیب دی۔ ہمدرد لیبارٹری کی جانب سے یہ نغمہ 1978ء تک ریڈیو پاکستان پر بارہا نشر ہوتا رہا ۔ پھر پاکستان ٹیلی ویژن پر جب گرائپ واٹر کا اشتہار آیا تو اس میں اس کا مختصر حصہ بھی شامل کیا گیا تاہم اب یہ نغمہ نایاب شمار ہوتا ہے۔
12/06/2025
1971ء میں جب بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کے نہتے شہریوں پر فضائی بمباری کی جس میں کورنگی میں 20 افراد معصوم افراد شہید ہوئے تو اس موقع پر ممتاز شاعر رئیس امروہوی نے کراچی کے شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہ ملٌی نغمہ تحریر کیا جس میں شہرِ قائدِ اعظمؒ کی تاریخی عظمت کے اعتراف کے ساتھ ساتھ زندہ دلانِ کراچی کی ہمت کو بھی سلام پیش کیا گیا۔ ریڈیو پاکستان کراچی پر اس نغمے کو احمد رشدی اور ساتھیوں نے لعل محمد کی موسیقی میں ریکارڈ کروایا جس کا ایکسٹینڈڈ پلے گراموفون ریکارڈ بھی جاری ہوا ۔
10/05/2025
"ایک ترانہ ایک کہانی" ۔۔پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین ۔ پاک فضائیہ کی تاریخ کے پہلے ملٌی نغمے کی مکمل روداد جو جنگِ ستمبر 1965ء کے چوتھے روز ممتاز شاعر جناب رئیس فروغ نے تحریر کیا تھا۔ ریڈیو پاکستان کراچی پر تاج ملتانی اور ساتھیوں کی آوازوں میں ریکارڈ ہونے والا اپنے عہد کا یہ ملٌی نغمہ یقیناً اس وقت سننے والوں کی یادداشتوں میں آج تک محفوظ ہوگا۔
( ابصار احمد )
شاہیں صفت یہ تیرے جواں اے فضائے پاک
ان غازیوں پہ سایہ فگن ہے خدائے پاک
26/02/2025
"ہر تان پاکستان" سے انتخاب ۔ صفحہ 78
26/02/2025
" ہر تان پاکستان" سے انتخاب ۔۔ صفحہ 48
25/02/2025
پاکستانی ملٌی نغموں کی مکمل تاریخ "ہر تان پاکستان" طباعت سے آراستہ ہوچکی ہے جو 702 صفحات پر مشتمل ملٌی نغموں کا انسائیکلوپیڈیا ہے جسے ملٌی نغموں کے اولین محقق اور نوجوان صحافی و براڈکاسٹر ابصار احمد نے تحریر کیا ہے۔ مصنف کا نام اس وقت ملٌی نغموں کی تحقیق میں سند کے طور پر لیا جاتا ہے جن کی تحقیقی صلاحیتیوں اور اس شعبے میں گرفت کا اعتراف ملک کی کئی ممتاز علمی شخصیات بھی کرتی ہیں۔
"ہر تان پاکستان" کو مصنف نے 13 ابواب میں تقسیم کیا ہے جس کا آغاز 1911ء سے ہوتا ہے جب پہلی بار علامہ محمد اقبالؒ کی ملٌی نظم موسیقی سے آراستہ ہو کر نغمہ بن کر گراموفون ڈسک پر جاری ہے۔ پہلا باب قیامِ پاکستان سے قبل تک گراموفون اور آل انڈیا ریڈیو سے جاری ہونے والے ملی نغموں پر مشتمل ہے جن میں کلامِ اقبالؒ، نغماتِ تحریکِ پاکستان اور قائدِ اعظمؒ شامل ہیں۔ دوسرا باب قیامِ پاکستان سے لے کر 1956ء تک محیط ہے جس میں گراموفون اور ریڈیو پاکستان سے نشر ہونے والے ملی نغموں کے ساتھ ساتھ فلم نگری کے ملٌی نغمے بھی موجود ہیں ۔ اس طرح اگلے ابواب میں پاکستان ٹیلی ویژن، نجی چینلز، پرائیویٹ کیسٹس ریکارڈنگ اور پھر سوشل میڈیا سے باضابطہ نشر ہونے والے ملٌی نغموں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کتاب کا دلچسپ پہلو اس میں شامل فنکاروں کے متعلق نایاب معلومات اور ان کی تصاویر کے ساتھ ساتھ ہر باب میں موجود سرخیاں ہیں جنھیں ابصار احمد نے نہایت دلچسپی سے پیش کیا ہے۔ ابصار چونکہ خود بھی بہترین قلم کار ہیں اسی لیے ان کا تحریری انداز ایسا ہے کہ قاری کو فوراً اپنی گرفت میں لے اور جو اس موضوع سے زیادہ دلچسپی نہ بھی رکھے تو وہ سرخیوں کی مدد سے پڑھتا ہی چلا جائے۔ سرخیوں کی مثال کچھ یوں ہے، پاکستان کی اولین اور واحد یہوی قومی فنکارہ، چمٹے کی چھن چھن میں جوشِ وطن"، قوال اور ملٌی تال، پکے راگوں میں بھی دیپک راگ، پاکستان کا اولین انگریزی ملٌی نغمہ وغیرہ
" ہر تان پاکستان" میں صرف اردو ہی میں نہیں بلکہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے صوبائی اور علاقائی زبانوں کے ملی نغموں کا تذکرہ بھی موجود ہے یہاں تک کہ مشرقی پاکستان میں بننے والے بنگالی زبان کے ملٌی نغموں کا تفصیلی ذکر اور ان کے بول مع فنکار موجود ہیں جن سے ان ملی نغموں مکھڑے دیکھے جاسکتے ہیں جو اب کہیں موجود نہیں۔ کتاب میں کئی نایاب اور مقبول ملی نغموں کا مکمل متن، پس منظر اور ان پر مصنف کی جانب سے تبصرہ بھی درج ہے۔ "ہر تان پاکستان" کے متعلق ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، طاہر حسن (ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان)، ڈاکٹر پیٹر فرانسس(ریسرچ اسکالر، بوسٹن امریکا)، حافظ محمد نوراللہ(ڈپٹی کنٹرولر سینٹرل پروڈکشنز ریڈیو پاکستان)، ڈاکٹر پیٹر فرانسس(ریسرچ اسکالر،بوسٹن امریکا) امجد شاہ(جنرل منیجر پاکستان ٹیلی ویژن کراچی مرکز)، اجنبی(معروف براڈکاسٹر)، بریگیڈیئر صولت رضا(معروف مصنف) نجم آراء(قومی ترانے کی فنکارہ)، ڈاکٹر یوسف عالمگیرین(مدیر ہلال، آئی ایس پی آر) ڈاکٹر انصر عباس(صدر شعبہ ء اردو میانوالی یونیورسٹی)، سید محبوب شاہ(سابق بین الاقوامی کرکٹ امپائر)،ڈاکٹر جیمس فرانسس، ڈاکٹر سید علی امام اور طارق رئیس فروغ جیسے صاحبانِ علم و فن کے تاثرات بھی شامل ہیں جنھوں نے "ہر تان پاکستان" کو ملٌی ادب اور تحقیق کا ایک منفرد شاہکار قرار دیا ہے۔
Be the first to know and let us send you an email when Pak Patriotic Library posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.