16/10/2025
پاکستانی سنیما کی حسین جوڑیوں میں ندیم اور شبنم پیئر کو سب سے کامیاب اسکرین کپل قرار دیا جاسکتا ہے جنہوں نے سب سے ذیادہ جوبلی ہٹس دی ہیں۔
اس جوڑی کے کریڈٹ پر پہچان، اناڑی، تلاش، آئینہ، ہم دونوں، قربانی، اور دہلیز جیسی گولڈن جوبلی ہٹس ہیں۔ یعنی ان فلموں نے سنیماؤں پر 100 یا اس سے زائد ہفتے پورے کرنے کا ریکارڈ بنایا۔
ندیم اور شبنم کے کریڈٹ پر دو ایسی فلمیں ہیں جنہوں نے پاکستان میں سب سے ذیادہ ہفتوں کا منفرد ریکارڈ بنایا۔ فلم ہم دونوں، جو 1980 میں ریلیز ہوئی اور کراچی میں 165 ہفتے مکمل کیے۔
ان دونوں کی فلم آئینہ، 401 ہفتے پورے کرنے والی پاکستان کی اکلوتی فلم ہے۔ یہ فلم 1977 کی ریلیز ہے۔
ندیم اور شبنم کی جوڑی پہلی بار 1968 کی ریلیز تم میرے ہو، میں یکجا ہوئی۔ بعد ازاں یہ جوڑی نازنین، شمع اور پروانہ، جلے نہ کیوں پروانہ، چراغ کہاں روشنی کہاں، من کی جیت، احساس، بادل اور بجلی، سوسائٹی، اور دو بدن، جیسی فلموں میں اپنی پرفارمنس کے جلوے بکھیرتی نظر آئی لیکن 1974 کی ریلیزدل لگی، کے بعد یہ پیئر باکس آفس پر کامیابی کی ضمانت بن گیا۔ دل لگی،
ان کی پہلی پلاٹینم جوبلی ہٹ تھی۔
اس فلم کے بعد ساون آیا تم نہیں آئے، انتظار، مس ہیپی، بھول، زینت، سچائی، رشتہ، دیوانگی، خوب صورت، میں یہ جوڑی فن کی بلندیوں کو چھوتی نظر آئی۔
سال 1975 ندیم اور شبنم کے کیریئر کا پیک پوائنٹ تھا جب ان کی دو فلمیں پہچان، اور اناڑی، ایک ہی دن ریلیز ہوکر ڈائمنڈ جوبلی کے درجے سے ہمکنار ہوئیں۔ اسی برس پرویز ملک کی فلم تلاش، بھی ڈائمنڈ جوبلی کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اس کے بعد دامن کی آگ، آئینہ، پاکیزہ، بندش، ہم دونوں، قربانی، دہلیز، لازوال، کامیابی، آہٹ، فیصلہ، جیسی ایک سے بڑھ کر ایک فلمیں ہیں۔ آخری بار یہ جوڑی اسکرین پر 1997 میں محمد جاوید فاضل کی اولاد کی قسم، میں نظر آئی۔
محمد علی اور زیبا کے بعد ندیم اور شبنم کی جوڑی کو سب سے زیادہ مشترکہ فلموں میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی مشترکہ فلموں کی تعداد لگ بھگ 50 ہے۔