13/12/2025
انصاف یوتھ ونگ میں اہم تنظیمی تبدیلی، عبدالواسع محسود ساؤتھ ریجن خیبر پختونخوا کے صدر مقرر
پشاور (ڈسٹرکٹ پریس کلب ساؤتھ وزیرستان اپر):
انصاف یوتھ ونگ میں ایک اہم تنظیمی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت عبدالواسع محسود کو ساؤتھ ریجن خیبر پختونخوا کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس تقرری کی باضابطہ منظوری انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی صدر احسان طور، جنرل سیکرٹری مبشر عباسی اور مرکزی کابینہ نے دی۔
نومنتخب صدر عبدالواسع محسود نے اس اعتماد پر مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد عمران خان کے وژن اور حقیقی آزادی کی جدوجہد کو پوری لگن، عزم اور دیانت داری کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منظم، متحرک اور پارٹی کے نظریے سے ہم آہنگ کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی مشاورت، ٹیم ورک اور نظم و ضبط کے ذریعے انصاف یوتھ ونگ کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ تنظیمی سطح پر مضبوط اور منظم کردار ادا کیا جا سکے۔
سیاسی و تنظیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ عبدالواسع محسود کی تقرری سے ساؤتھ ریجن خیبر پختونخوا میں انصاف یوتھ ونگ کی سرگرمیوں کو نئی سمت ملے گی اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔