
02/03/2025
جلال پور جٹاں پریس کلب پروفیشنلز کی تقریبِ حلف برداری کا انعقاد
جلال پور جٹاں (نمائندہ خصوصی) جلال پور جٹاں پریس کلب پروفیشنلز کی تقریبِ حلف برداری گورنمنٹ عبدالحق اسلامیہ ڈگری کالج جلالپور جٹاں میں منعقد ہوئی، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب اور ممتاز مذہبی اسکالر و ادیب ڈاکٹر عبدالرحمن رانجھا (پی ایچ ڈی) نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ حامد ظہیر میر (چیئرمین پریس کلب) اور سینئر نائب صدر رؤف خالد نجی مصروفیت کی وجہ سے بیرون شہر ہونے کے
باعث " زوم " کے ذریعے حلف برداری میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر گروپ لیڈر شاہد عزیر، سرپرست اعلی چوہدری احمد شیراز وڑائچ، چیئرمین حامد ظہیر میر، صدر راجہ نذیر احمد، سیکرٹری جنرل شہباز احمد، سینئر نائب صدر روف خالد، نائب صدر ہارون بٹ، نائب صدر ارسلان خلیل، نائب صدر محمد ابراہیم خان، سیکرٹری اطلاعات شاہد رفیق بابو ، سیکرٹری تقریبات مرزا وہاب ظفر، فنانس سیکرٹری مرزا بلال، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمار کنٹھ اور سوشل میڈیا انچارج خذیفہ زاہد سمیت دیگر عہدیداران نے حلف اٹھایا۔ جلالپور جٹاں پریس کلب پروفیشنلز کے صدر راجہ نذیر احمد اور سیکرٹری جنرل شہباز احمد نے ڈاکٹر عبدالرحمن رانجھا کو جلال پور جٹاں کی خاص سوغات کشمیری وول کی گرم چادر بھی اس موقع پر پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالرحمن رانجھا نے جلالپور جٹاں پریس کلب پروفیشنلز کی صحافتی خدمات کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب جماعت اسلامی کی جاری تین روزہ فہمِ قرآن کلاس کے دوران منعقد ہوئی، جس کے بعد درسِ قرآن مجید کا معمول کا سیشن جاری رہا۔ درس میں اسلامی تعلیمات، ایمان کی پختگی، اور قرآن کی روشنی میں زندگی گزارنے کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت دراصل قرآن و سنت کی روشنی میں ایک اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کی جدوجہد ہے، جو انفرادی اصلاح اور اجتماعی بھلائی پر مبنی ہے۔ قرآن کریم ہمیں اللہ کی نعمتوں کو پہچاننے، شکر گزاری اختیار کرنے اور اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرنے کا راستہ دکھاتا ہے ، اس بابرکت پروگرام میں ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔