17/06/2023
وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا یقین دلایا
ہر کوئی چاہتا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف ملنا چاہیئے،آئندہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔وزیر داخلہ راناثںاء اللہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(17 جون 2023ء) وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، ٹی ایل پی کے تحفظات ناموس رسالت کے حوالے سے ہی تھے،اتفاق رائے سے ایک طریقہ کار پر پہنچ گئے ہیں۔تحریک لبیک نے اپنے مطالبات کیلئے پُر امن مارچ کیا، ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے۔
ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے لوگ شامل ہوں گے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ قومی سطح کا ایشو بنا ہے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومت کی سنجیدہ کوششوں میں اور بہتری لائی جائے گی،حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے خط بھی لکھے گی۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر ہر پاکستان جذباتی ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 86 سال قید کی سزا دینا نا انصافی ہے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف ملنا چاہیئے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔آئندہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پروگرام ’’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر سرکاری ریفائنریز کو روسی تیل فراہم کر رہے ہیں،اس کے بعد نجی ریفائنریز بھی لینا چاہیں تو روسی تیل لے سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے جو کمرشل ڈیل کی ہے اس میں ملک کو فائدہ ہے،پاکستان کو روسی تیل خریدنے سے کوئی نقصان نہیں۔ روسی تیل لانے سے ہمارے انشورنس کاسٹ بڑھی ہے،ہمارا فائدہ بہت ہے لیکن کتنا فائدہ ہو گا یہ نہیں بتا سکتے۔ وزیر مملکت نے عندیہ دیا کہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں آذربائیجان سے سستی گیس بھی ملے گی۔