23/03/2024
رپورٹ الوداعی تقریب
بسلسلہ سبکدوشی
پروفیسر سید عبدالواجد شاہ
پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ
19 مارچ 2024ء کو گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کے پرنسپل پروفیسر سید عبدالواجد شاہ صاحب اپنے فراٸض سے سبکدوش ہو گٸے۔ آپ گذشتہ ساڑھے تین سال سے بالاکوٹ کالج میں بحیثیت پرنسپل خدمات انجام دے رہے تھے۔ کالج کی طرف سے اُن کو الوداع کہنے اور کالج کے لیے ان کی خدمات کو سراہنے کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کالج کا تمام سٹاف موجود تھا۔ پروفیسر صاحبان اور طلبا ء و طالبات نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر سید عبدالواجد شاہ صاحب کی کالج کی معتبر شناخت کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
سٹوڈنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے اقرا زیب اسلامک سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ، قمر نذیر مغل اردو ڈیپارٹمنٹ، خدیجہ انگلش ڈیپارٹمنٹ اور انجم شہزاد کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ نے پرنسپل صاحب کو ان کی کالج و سٹوڈنٹس کے لیے بہترین خدمات کو بھرپور طریقے سے خراج تحسین پیش کیا۔کلاس فورز کی نمائندگی محمد وسیم نے کی جبکہ مانسہرہ کالج سے پروفیسر نثار احمد نے نمائندگی کی۔اور مبارکباد پیش کی۔
پروفیسر افضال غازی نے پرنسپل سیدعبدالواجد شاہ کی بطور پرنسپل و بطور استاد مثالی کردار کو سراہتے ہوئے اپنے کیریئر کا سہرا انہی کو قرار دیا۔انہوں نےاردو اشعار و نثر میں پرنسپل صاحب کو ان کی خدمات پر بہترین انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
صدر شعبہ اُردو پروفسیر طارق جاوید نے اپنی گفتگو میں گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کی طرف سے پروفیسر سید عبدالواجد شاہ صاحب کو اپنے فرائضِ منصبی سے عزت و وقار کے ساتھ سبک دوش ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ساتھ اس دکھ کا اظہار بھی کیا کہ کالج ہذا ایک صاحبِ علم ، مخلص ، محنتی اور دیانت دار شخصیت کی سرپرستی و نگرانی سے محروم ہو گیا۔ انھوں نے کہا کہ پرنسپل صاحب کیمسٹری کے مایہ ناز پروفیسر رہے ہیں۔ آپ صحیح معنوں میں استاد کے منصب پر فاٸز رہے۔ آپ کے شاگرد آج بھی آپ کی محبت و عقیدت کا دم بھرتے ہیں۔
پروفیسر ممتاز حسین نے پرنسپل سید عبدالواجد شاہ صاحب کی شخصیت پر بات کرتے ہوٸے کہا کہ پرنسپل صاحب زندگی سے بھر پور اور محوِ جستجو رہنے والے انسان ہیں۔ وہ ناممکن کو ممکن کر دکھانے والی ایک زندہ تحریک ہیں۔ کالج کی تعمیر و ترقی میں ان کی مخلصانہ تگ و دو کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہی کی ذاتی دلچسپی ، محنت اور لگن کے طفیل کالج کا میگزین ً سیف الملوک ً دو دفعہ صوبے میں اول پوزیشن کا حقدار ٹھہرا۔
کالج سٹاف سیکریٹری پروفیسر مفتی محمد فیصل نے پرنسپل صاحب کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوٸے کہا کہ پرنسپل صاحب کی تعیناتی کے بعد بالاکوٹ کالج میں تعمیر و ترقی کے سنہرے دور کا آغاز ہوا۔ پرنسپل صاحب نے کالج کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ادارے کو ضروری سہولیات سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تہذیبی و معاشرتی تربیت کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کے طور پر ہمیشہ شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جن میں صوبے کی مقتدر شخصیات شرکت کرتی رہیں۔ مفتی فیصل صاحب نے مزید کہا کہ پرنسپل صاحب دورانِ ملازمت کبھی کمفرٹ زون میں نہیں رہے۔ ہمیشہ سرگرم اور متحرک رہ کر خود کام کیا اور دوسروں کو بھی کام کی ترغیب و تحریک دی۔ آپ ہی کی پیشہ ورانہ اور قاٸدانہ صلاحیتوں کی بدولت بالاکوٹ کے اس مضافاتی کالج نے صوبے بھر کے لیے ٹرینڈ سٹر کا خصوصی خطاب حاصل کیا اور گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کو صوبے کا نمبر 1 کالج بنانے کے خواب کو بھی چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں شرمندہ تعبیر کر کے دکھا دیا۔
تقریب کے آخر میں پرنسپل صاحب نے کالج کی تمام فیکلٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ایک بامقصد زندگی گزاری اور بحیثیت ایک استاد کے زندگی کی بہترین چار دہاٸیاں اپنی قوم کے لیے وقف کیں۔ گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کے پرنسپل ہونے کے دوران اپنی تمام تر صلاحیتیں ، وقت اور تواناٸیاں اس کالج کے لیے صرف کیں۔ مقدور بھر کوشش رہی کہ یہ ادارہ تعلیم و تربیت کی ایک مثالی علامت بن جاٸے۔ اللہ کا شکر ہے فیکلٹی کے تعاون اور اپنی محنت سے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں اور اس کالج کو ایک معتبر نام اور مقام دینے میں اپنا کردار ادا کیا۔ آج میں مطمٸن ضمیر کے ساتھ اور عزتیں سمیٹتے ہوٸے اپنی مدتِ ملازمت پوری کر کے اپنے فراٸض سے سبکدوش ہو رہا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے عزت ، وقار اور خیر و عافیت کے ساتھ یہ دن دکھایا۔ پرنسپل صاحب نے تمام سٹاف کی محبتوں اور دورانِ ملازمت تعاون کا شکریہ ادا کر کے اجازت چاہی۔
آخر میں پرنسپل صاحب کو یادگاری شیلڈز اور دیگر تحاٸف پیش کیے گٸے اور دعاٸیہ کلمات کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔