01/09/2021
کیا واقعی آپ بے روزگار ہیں؟؟؟
ہاتھ میں تیس چالیس ہزار روپے کا موبائل ہے، انٹرنیٹ پیکج اور دیگر اسراف کے لئے پیسے موجود ہیں، سیگریٹ نسوار پان گٹکے کے خرچے کے لئے پیسےموجود ہیں، پچاس ساٹھ ہزار کے مالک ہوں تو خود کو بے روزگار سمجھیں یا معاشی تنگی کا رونا روئیں تو یہ سراسر ناانصافی اور ناشکری ہوگی۔۔۔
لاکھوں روپے انویسٹمنٹ کے ساتھ ہی کاروبار کے ارادے ہیں اور اتنی انویسٹمنٹ ہوگی تب ہی کاروبار کریں گے تو پھر دس سال انویسٹمنٹ نہ ہوسکی تو کیا دس سال انتظار کرنا ہوگا۔۔۔ جو لوگ کچھ کرنے کا عزم و ارادہ کر لیں تو ان کے لئے مختصر انویسٹمنٹ بھی کافی ہوجاتی ہے۔۔۔ ایک دو نہیں ہزاروں مثالیں موجود ہیں کہ لوگوں نے فقط چند ہزار سے کام شروع کیا اور اپنی محنت ایمانداری سے اپنے بزنس کو کچھ ہی عرصہ میں ہزار سے لاکھوں تک پہنچا دیا۔۔۔ آپ کچھ کر گزرنے کا عزم و ارادہ کر چکے ہیں تو پھر جتنی انویسٹمنٹ موجود ہے اسی سے بسم اللہ کریں ان شاء اللہ بہت مختصر وقت میں سوچ سے کہیں زیادہ انکم کر رہے ہوں گے۔۔۔
کسی ایک کام پر بسم اللہ کریں
فروٹ, سبزی, دہی بھلے, چنا چاٹ، پکوڑے سموسے، صبح کا ناشتہ، مونگ پھلی کی ریڑھی، سوپ، یخنی، باربی کیو، موسمی فروٹس کا جوس، ملک شیک، بریانی، دال چاول، پاپ کارن، دانے، چھلی، چپس، آئس کریم، برگر، شوارما وغیرہ یہ سب کام انتہائی مختصر انویسٹمنٹ سے شروع کئے جا سکتے ہیں اور روزانہ کی اچھی انکم حاصل کی جاسکتی ہے۔۔۔ کوئی کام چھوٹا یا حقیر نہیں ہوتا اور کسی بھی جائز اور حلال آمدن والے کام میں عار نہیں کرنی چاہئے دکھنے میں وہ چاہے کتنا ہی مختصر کیوں نہ ہو۔۔۔ بہت بار ایسا ہوچکا ہے کہ بظاہر چھوٹے دکھنے والے کام انسان کی کامیابی اور عروج کے ضامن بنے ہیں۔۔۔ انسان کے حالات اور مشکلات کو دور کرنے اور گھر کا چولہا جلانے میں جو بھی کام معاون ہو وہ انسان کے لئے قابل تعظیم ہے۔۔۔
اللہ نے جسم کے تمام اعضاء صحیح سلامت رکھے ہیں عقل سمجھ دی ہے کوئی بڑی بیماری اور کمزوری بھی نہیں ہے تو اللہ کا شکر ادا کریں۔۔۔ مایوسی، پریشانی اور حالات سے دلبرادشتہ مت ہوں یقین جانیں یہ پریشانیاں اور حالات انسان کو عروج پر لے جانے کا سبب بنتی ہیں اور جب کوئی مشکلات اور حالات کو شکست دے کر ہمت و استقامت کا دامن تھام کر منزل پر نظر رکھ کر سفر شروع کرتا ہے تو یہ زادِ راہ انسان کی کامیابی کی معراج بن جاتی ہے۔۔۔ حالات سے پریشان اور مایوس ہوکر وقت ضائع کیئے بغیر اللہ کا نام لے کر اعتماد اور یقین کے ساتھ کوئی ایک فیلڈ سلیکٹ کر کے محنت شروع کر دیں ان شاء اللہ بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔۔۔