Valueversity

Valueversity We must recognise that we all have common universal values of love, truth and justice and this recog

جھلملاتا شہر، آسٹریا کہانی، چوتھی قسطشارق علی – ویلیوورسٹیہیٹزنگ کے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن سے ہم یو 4 ٹرین میں سوار ہوئے۔ ہم...
26/06/2025

جھلملاتا شہر، آسٹریا کہانی، چوتھی قسط

شارق علی – ویلیوورسٹی

ہیٹزنگ کے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن سے ہم یو 4 ٹرین میں سوار ہوئے۔ ہماری منزل ویانا سٹی سینٹر کا مرکزی اسٹیشن کارل پلاٹز تھا، جو اپنی جدید طرزِ تعمیر اور مختلف داخلی راستوں پر سجے آرٹ کے خوبصورت نمونوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

کارل پلاٹز پر ٹرین سے اتر کر ہمیں ایک چھوٹی سی آئس کریم شاپ نظر ائی۔ ہم دونوں نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا اور بغیر کچھ کہے اسٹراچیاتیلہ آئس کریم خرید لی۔ یہ چاکلیٹ چپس سے بھرپور تھی۔ پہلے ہی چمچ نے ہمیں آسٹریا کی تاریخی چاکلیٹ روایت کا گرویدہ کر دیا۔ اٹھارویں صدی میں پہلی بار کوکو شاہی دربار تک پہنچی اور اس نئی دریافت سے یہاں کے شاہی باورچیوں نے کمالات دکھائے۔ ویانا کے روایتی کافی ہاؤسز، مشہور زاخر ٹورٹے اور ہاٹ چاکلیٹ کی روایت بھی صدیوں پرانی ہے۔ ہماری آئس کریم بھی اسی تاریخی مٹھاس سے بھرپور تھی۔

اس شام ویانا سٹی سینٹر آنے کے دو مقاصد تھے:

ویانا کی شاندار طرزِ تعمیر کو دن ڈھلنے سے پہلے اور پھر رات کے جادوئی پس منظر میں دیکھنا۔

اگلے دن ہالشٹٹ روانگی کے مقام کو پہلے سے دیکھ لینا تاکہ اگلی صبح ہمیں کوئی دشواری نہ ہو۔

سینٹ چارلس چرچ (کارلس کرِشے)

کارل پلاٹز انڈر گراؤنڈ ٹرین اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی ہم سینٹ چارلس چرچ کے سامنے کھڑے تھے۔ یہ چرچ 1737 میں شہنشاہ چارلس ششم نے طاعون کی وبا کے بعد تعمیر کرایا تھا۔ اس کی طرزِ تعمیر باروک طرز کے ساتھ یونانی اور رومی نشاۃِ ثانیہ کے اثرات کا حسین امتزاج ہے۔ اس کی خاص پہچان اس کا شاندار سبز گنبد ہے جو آسمان کے ساتھ ہم آہنگ دکھائی دیتا ہے۔

چرچ کے سامنے دو بلند ستون کھڑے ہیں، جن پر سینٹ چارلس بورو میو کی زندگی کے مناظر کندہ ہیں۔ یہ ستون دیکھنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتے ہیں۔ چرچ کے سامنے بڑا سا فوارہ شام کی روشنیوں میں جھلملا رہا تھا، اور ارد گرد چھوٹا سا باغ تھا جس میں پیدل چلنے اور سائیکل کے لیے مخصوص راستے تھے۔ ہم ان راستوں کے کنارے بینچوں پر بیٹھ گئے، جہاں ہمارے ساتھ بہت سے مقامی لوگ اور سیاح بھی موجود تھے۔

یہ ایک بارونق چوک کا منظر تھا، جس کے پس منظر میں چرچ کی بلند و بالا عمارت کھڑی تھی۔ قریب ہی فری لانس موسیقار اپنی دھنوں میں محو تھے، اور ہم دن کے ڈھلنے اور رات کے پھیلنے کے اس یادگار منظر کو جیتے رہے۔

ویانا کی روشنیاں اور اوپیرا ہاؤس

جب رات گہری ہو چلی اور روشنیوں نے ویانا شہر کے گلی کوچوں میں اپنا جادو جگا لیا، تو ہم بینچوں سے اٹھے اور عالمی شہرت یافتہ اوپیرا ہاؤس کی جانب چلنے لگے۔ سینٹ چارلس چرچ کا روشنیوں میں نہایا شاندار گنبد اب ہمارے پیچھے تھا، اور ہم ویانا کے تاریخی مرکز کی جانب بڑھ رہے تھے۔

مرکزی شہر کی روشن شاہراہیں گویا تاریخ کے سنہرے اوراق تھیں۔ بلند و بالا عمارتیں دیوالی کے چراغاں کی مانند جگمگا رہی تھیں، جیسے وہ بے جان نہ ہوں، بلکہ ماضی کے عظیم معماروں اور فنکاروں نے روشنی اور سائے کا کوئی رقص تخلیق کیا ہو۔

بیشتر عمارتوں میں باروک طرزِ تعمیر نمایاں تھا، جس کی خصوصیات دلکش نقش و نگار، بلند و بالا گنبد، عظیم الشان ستون اور فنکارانہ کشادگی ہیں۔ یہی طرزِ تعمیر ویانا کی پہچان ہے، جو سترہویں اور اٹھارہویں صدی میں یورپ کے اس شاہی شہر کی شان و شوکت کی علامت بن چکا تھا۔

یوں محسوس ہوتا تھا جیسے ہر عمارت ایک داستان سنا رہی ہو، ہر کھڑکی، ہر ستون اپنی کہانی بیان کر رہا ہو۔

ویانا کا حسن صرف طرزِ تعمیر میں نہیں بلکہ اس کی روشنیوں کی منفرد آرائش بھی اس شہر کو ایک جادوئی پس منظر فراہم کرتی ہے۔ یہاں روشنی اور تاریکی کی ہم آہنگی ایک مسحور کن ماحول پیدا کرتی ہے، جو دیکھنے والوں پر دیرپا اثر چھوڑتی ہے۔

ہم گوگل میپ کی مدد سے ویانا کی گلیوں اور شاہراہوں میں چہل قدمی کرتے آگے بڑھ رہے تھے۔ اور اب اوپیرا ہاؤس کے بالکل قریب پہنچ چکے تھے۔۔۔

(جاری ہے...)

نئے اور مفید مضامین کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں
www.valueversity.com

The Glittering City – Austria Travelogue, Episode 4Shariq Ali – ValueversityWe boarded the U4 train from Hietzing underg...
26/06/2025

The Glittering City – Austria Travelogue, Episode 4
Shariq Ali – Valueversity

We boarded the U4 train from Hietzing underground station. Our destination was Karlsplatz, the central station of Vienna’s city center, renowned for its modern architectural design and the beautiful artwork adorning its various entrances.

As we stepped off the train at Karlsplatz, we spotted a small ice cream shop. We exchanged glances, and without a word, bought Stracciatella ice cream—rich with chocolate chips. The first spoonful captivated us, immersing us in Austria’s historic chocolate tradition. Cocoa first reached the royal court in the 18th century, and from there, the royal chefs worked their magic. Vienna’s traditional coffee houses, the famous Sachertorte, and its legendary hot chocolate all stem from this centuries-old legacy. Our ice cream, too, carried the essence of that history.

That evening, we had two objectives in Vienna’s city center:

To witness the grandeur of Vienna’s architecture before sunset and then again under the enchanting night sky.

To locate our departure point for Hallstatt the next day to avoid any morning inconveniences.

St. Charles Church (Karlskirche)

The moment we exited the Karlsplatz underground station, we found ourselves standing before St. Charles Church. Built in 1737 by Emperor Charles VI in response to the plague epidemic, the church is a magnificent blend of Baroque architecture with influences from Greek and Roman Renaissance styles. Its striking green dome harmonizes beautifully with the sky, making it one of Vienna’s most distinctive landmarks.

Two towering columns stand in front of the church, intricately carved with scenes from the life of St. Charles Borromeo. These columns command attention, drawing visitors into their detailed narratives. In front of the church, a large fountain shimmered in the evening lights, while a small park surrounded it, offering dedicated pathways for pedestrians and cyclists. We took a seat on one of the benches along the paths, joined by both locals and tourists.

It was a lively square, with the grand façade of the church in the background. Nearby, freelance musicians played their melodies, and we absorbed the breathtaking transition from day to night.

Vienna’s Night Lights and the Opera House

As darkness deepened and Vienna’s streets illuminated in golden hues, we rose from our seats and walked towards the world-famous Vienna State Opera House. The brilliantly lit dome of St. Charles Church now stood behind us, while we ventured deeper into Vienna’s historic heart.

The city’s central avenues felt like pages from a golden history book. Towering buildings glowed like a grand Diwali festival, as if they were not lifeless structures but a dance of light and shadow choreographed by the great architects and artists of the past.

Most buildings showcased the Baroque architectural style, characterized by intricate ornamentation, towering domes, majestic columns, and a sense of grandeur. This aesthetic defines Vienna, marking the city’s royal opulence from the 17th and 18th centuries.

It felt as though every building whispered a story, each window and column echoing the past.

Vienna’s beauty lies not only in its architecture but also in the way its lighting transforms the city into an enchanting spectacle. The harmony between light and darkness creates a mesmerizing ambiance, leaving a lasting impression on all who witness it.

Guided by Google Maps, we strolled through Vienna’s streets and avenues, drawing closer to the Opera House...

(To be continued...)

For More Article Visit Our website:
www.valueversity.com

آسٹریا کہانی: ایڈل وایز، تیسری قسطانشے سیریلشارق علیویلیوورسٹیٹرین ہیٹزنگ کے اسٹیشن پر رکی، برقی دروازے کھلے اور ہم دونو...
25/06/2025

آسٹریا کہانی: ایڈل وایز، تیسری قسط
انشے سیریل
شارق علی
ویلیوورسٹی

ٹرین ہیٹزنگ کے اسٹیشن پر رکی، برقی دروازے کھلے اور ہم دونوں پلیٹ فارم پر اترے۔ معمولی سا رش تھا۔ اسٹیشن سے باہر جانے والے گیٹ کی جانب چند قدم ہی چلے ہوں گے کہ ایک ادھیڑ عمر، ایشیائی خدوخال والے شخص نے ہمیں روک لیا۔ وہ کوئی میگزین مفت تقسیم کر رہا تھا۔ چونکہ ہم مقامی زبان سے ناواقف تھے، اس لیے میگزین شکریہ کہہ کر واپس کر دیا۔ اُس نے پوچھا: "آپ انڈیا سے آئے ہیں؟"
میں نے جواب دیا: "نہیں۔ اور آپ؟"
پوچھنے پر معلوم ہوا کہ وہ دہلی سے بہت برس پہلے یہاں آ کر آباد ہوا تھا۔ ہوٹل کا پتہ پوچھا تو نہ صرف پورا پتہ بتانے لگا بلکہ اسٹیشن کے باہر تک آ کر گرمجوشی سے سمجھایا۔

ہیٹزنگ کے اسٹیشن کے ساتھ چند دکانیں تھیں۔ ایک لبنانی ٹیک اوے کے باہر لکھے ہوئے کارآمد لفظ "حلال" نے ہمیں اپنی طرف متوجہ کیا۔ اسٹیشن کے مرکزی دروازے سے باہر آتے ہی ٹرام کے ٹریک ہر سمت بچھے دکھائی دیے۔ کئی ٹرامز مختلف سمتوں میں جاتی نظر آئیں۔ ہم نے زیبرا کراسنگ سے ان ٹریکس کو عبور کیا اور بائیں جانب جاتی سڑک کے فٹ پاتھ پر چلنے لگے۔ یہ خاصا مصروف علاقہ تھا۔ سڑک کے دوسری جانب شون برن پیلس کے عقبی باغ کی دیوار تھی اور بائیں جانب مختلف دکانوں کا سلسلہ، جن میں کیفے، بیکری، آئس کریم شاپ اور مقامی گروسری اسٹور شامل تھے۔ ہر طرف چہل پہل اور گہما گہمی کا منظر تھا، جو آسٹریا کی جدید طرزِ زندگی کا عکاس تھا۔

یہ گہما گہمی اس ملک کے آج کی نمائندگی کرتی ہے، لیکن ماضی میں یہ سرزمین کئی قدیم تہذیبوں کی گواہ رہ چکی ہے۔ یہاں پتھر کے زمانے کی قدیم آبادی کے آثار ملتے ہیں، یعنی کوئی ڈھائی تین لاکھ سال پہلے انسان یہاں آباد تھے۔ بعد کی قدیم تہذیبوں میں پتھر کے اوزاروں کی دریافت یہ ثابت کرتی ہے کہ یہاں کے قدیم باشندے نہایت ذہین اور ماہر فن تھے۔ وینس آف ولینڈورف، ایک چونے کے پتھر کی بنی مورتی، یہاں دریافت ہوئی، جو تقریباً 29,500 سال پرانی ہے۔ یہ آرٹیفیکٹ ان قدیم لوگوں کی تخلیقی صلاحیت اور تہذیبی ترقی کا واضح ثبوت ہے۔ آج بھی ویانا کے جدید ریستورانوں کی گہما گہمی میں کہیں نہ کہیں قدیم تہذیب کی خوشبو آوارہ گھومتی محسوس ہوتی ہے—ماضی اور حال کے درمیان بندھی ایک ڈور۔

تقریباً دو تین منٹ کی مسافت کے بعد ہم اپنے ہوٹل، "پارک ٹرینڈ ہوٹل" پہنچے۔ یہ ہوٹل دراصل سولہویں یا شاید سترہویں صدی میں کسی نواب کا محل تھا۔ بادشاہ کے اس مصاحب نے شون برن پیلس کے قریب قیام کرنا پسند کیا۔ پیلے پتھروں سے بنی یہ تین منزلہ عمارت آج بھی اپنی شان و شوکت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اب اسے جدید سہولیات سے آراستہ ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ریسپشن پر پرتپاک استقبال ہوا۔ رسمی کارروائی کے بعد ایک پورٹر ہمارا سامان کھینچتا ہوا ہمیں مختص کمرے تک لے گیا۔ یہ مرکزی عمارت کے عقب میں واقع انیکسی میں تھا۔ وہاں پہنچنے کے لیے ہمیں ایک خوبصورت باغ سے ہو کر گزرنا پڑا۔ باغ میں بہتے فوارے، تناور درخت، اور دلکش ہریالی دل کو خوش کر دینے والے مناظر پیش کر رہے تھے۔ انیکسی کے کمرے نسبتاً زیادہ پرسکون اور مکمل سہولیات سے آراستہ تھے۔ کھڑکی کھولنے پر باغ میں بہتے فواروں کی آوازیں اور قدیم طرز کی عمارت کے پس منظر سے ماضی کی سرگوشیاں سنائی دیتی تھیں، اجنبی کردار ادھر سے ادھر اتے جاتے دکھائی دیتے تھے۔

کمرے میں سامان ترتیب سے رکھا گیا۔ چند منٹ آرام کرنے کے بعد ہم ہوٹل کے بغلی دروازے سے باہر نکلے تو خود کو مصروف بازار میں پایا۔ قریبی گروسری اسٹور میں داخل ہوئے تو ایک جانب تر و تازہ پھولوں کے گلدستے اور دوسری جانب تازہ پھلوں کی بہار نظر آئی۔ آسٹریا کی قدرتی خوبصورتی کا نمائندہ اس کا قومی پھول "ایڈل وایز" ہے، جو محبت اور پاکیزگی کی علامت ہے۔ صرف خوبصورت پھولوں سے ہی نہیں بلکہ تین ہزار سے زائد انواع و اقسام کے رنگ برنگے الپائن پودوں سے مزین یہ دیس فطری حسن سے مالامال ہے۔ یہاں کے لوگ "نرگس کے تہوار" جیسی تقریبات میں جوش و خروش سے حصہ لے کر اپنے دیس کے نباتاتی تنوع کا جشن مناتے ہیں۔ یہاں کے مشہور پھلوں میں آسٹرین سیب، خوبانیاں، اور اعلیٰ معیار کی شراب بنانے کے لیے انگور شامل ہیں۔ موسمِ بہار میں یہاں کے سبزہ زاروں میں چیری کے پھولوں سے لدے درخت دلکش نظارہ پیش کرتے ہیں، جبکہ یہاں اگنے والے کدو کے تیل سے آسٹریا کے کھانوں کو ذائقہ فراہم کیا جاتا ہے۔

۔۔۔ جاری ہے۔۔۔

نئے اور مفید مضامین کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں
www.valueversity.com

The Story of Austria:Edelweiss, Episode 3Shariq AliValueversityThe train stopped at the Hietzing station, the electric d...
25/06/2025

The Story of Austria:
Edelweiss, Episode 3
Shariq Ali
Valueversity

The train stopped at the Hietzing station, the electric doors opened, and we both stepped onto the platform. It was moderately crowded. We had barely walked a few steps toward the exit gates when a middle-aged man with Asian features stopped us. He was distributing magazines for free. Since we were unfamiliar with the local language, we politely returned the magazine with a thank-you. He asked, "Are you from India?"

I replied, "No. And you?"

Upon inquiry, we learned that he had moved here from Delhi many years ago. When we asked for directions to our hotel, he not only provided detailed instructions but also walked us to the station's exit, enthusiastically guiding us.

Next to Hietzing station were a few shops. A Lebanese takeaway caught our attention with the useful word "Halal" written outside. As we exited the main station doors, tram tracks stretched out in every direction. Several trams were seen heading in different directions. We crossed the tracks via a zebra crossing and began walking on the pavement of a road leading to the left. This was quite a busy area.

On the opposite side of the road was the rear garden wall of Schönbrunn Palace, while on the left were various shops, including cafes, bakeries, ice cream parlors, and local grocery stores. Everywhere, there was an atmosphere of activity and liveliness, reflecting Austria's modern way of life.

This liveliness represents the country today, but in the past, this land has witnessed several ancient civilizations. Archaeological findings here date back to the Stone Age, showing that humans settled in this region around 250,000–300,000 years ago. Later, ancient civilizations left behind stone tools, proving that the early inhabitants of this land were intelligent and skilled. The "Venus of Willendorf," a limestone statue discovered here, is approximately 29,500 years old. This artifact is clear evidence of the creative abilities and cultural progress of those ancient people. Even today, amid the bustling ambiance of Vienna's modern restaurants, one can faintly sense the lingering essence of those ancient civilizations—a thread connecting the past and the present.

After walking for about two or three minutes, we reached our hotel, "Park Trend Hotel." The building, originally a palace from the 16th or perhaps 17th century, once belonged to a nobleman who preferred to reside near Schönbrunn Palace. Made of yellow stones, the three-story structure has retained its grandeur to this day. It has now been converted into a modern hotel equipped with all amenities.

We received a warm welcome at the reception. After completing the formalities, a porter pulled our luggage and guided us to our assigned room. It was located in the annex behind the main building, accessible via a beautiful garden. The garden, with its flowing fountains, tall trees, and lush greenery, presented a heartwarming sight. The annex rooms were relatively quieter and well-equipped. Opening the window revealed the sound of fountains and a faint whisper of the past, emanating from the historic architecture. Ghostly figures seemed to wander back and forth in the imagination.

The room was arranged neatly with our belongings. After a brief rest, we stepped out through the hotel's side door and found ourselves in a bustling market. Entering a nearby grocery store, we saw fresh bouquets of flowers on one side and a colorful display of fresh fruits on the other.

Austria's natural beauty is represented by its national flower, "Edelweiss," a symbol of love and purity. This land is adorned not only with beautiful flowers but also with over 3,000 species of vibrant alpine plants, making it rich in natural splendor. The locals celebrate this botanical diversity with enthusiasm in events such as the "Narcissus Festival."

Famous fruits of Austria include Austrian apples, apricots, and grapes used to produce high-quality wine. In spring, the lush green fields here are adorned with cherry blossoms, offering a picturesque view, while pumpkin seed oil from locally grown pumpkins enhances the flavors of Austrian cuisine.
.. To be continued ...

For More Article Visit Our website:
www.valueversity.com

مٹے اور مٹھی، آسٹریا کہانی، دوسری قسطشارق علیویلیو ورسٹیویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کشادگی اور منظم ماحول نے ہمیں خوشگوا...
24/06/2025

مٹے اور مٹھی، آسٹریا کہانی، دوسری قسط
شارق علی
ویلیو ورسٹی

ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کشادگی اور منظم ماحول نے ہمیں خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔ امیگریشن کا مرحلہ دوستانہ ماحول میں اور تیزی سے طے ہوا۔ یہ ایئرپورٹ لندن کے ایئرپورٹس کی نسبت زیادہ پرسکون لگا۔ گہما گہمی بہت کم تھی، اور اس کی وجہ یہ تھی کہ پورے آسٹریا کی آبادی صرف نوے لاکھ کے لگ بھگ ہے، یعنی کراچی شہر کی نصف آبادی سے بھی کم۔ ایئرپورٹ پر موجود سہولیات کا معیار بہت اعلیٰ تھا۔ یہ ایئرپورٹ دنیا بھر میں کم ترین یعنی پچیس منٹ کے کنیکشن ٹائم کے ساتھ اپنی تیز ترین خدمات کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ فیملیز اور معذور مسافروں کے لیے خصوصی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے جدید لاؤنجز دنیا کے بہترین لاؤنجز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ عمارت کے مختلف حصوں کو آسٹریا کے مشہور مصوروں، گسٹاو کلیمٹ اور ایگون شیلے کے فن پاروں سے سجایا گیا ہے، جو ہر جانب ثقافتی خوشبو بکھیرتے نظر آتے ہیں۔

ویانا کے مشہور مصور گسٹاو کلیمٹ اپنی متنازعہ اور جذباتی پینٹنگز کے لیے معروف ہیں۔ ان کی سب سے مشہور پینٹنگ "دی کِس" (The Kiss) ہے، جو رومانویت اور شدتِ جذبات کی تصویر پیش کرتی ہے۔ ویانا میں ان کا میوزیم "گسٹاو کلیمٹ میوزیم" ان کے بیسویں صدی کے شاہکاروں سے مزین ہے۔

ویانا فنونِ لطیفہ میں ایک منفرد اسکول "ویانا اسکول آف پینٹنگ" سے پہچانا جاتا ہے۔ یہاں مصوروں نے معاشرتی و ثقافتی تبدیلیوں کو تخلیقی انداز میں پیش کیا۔ ان مصوروں میں ایگنر، شین ولف اور شٹائنر شامل ہیں۔ ویانا کا ایک اور اہم مصور فرینز وِیلز تھا جس نے ایکسپریشنزم کی تحریک کو فروغ دیا۔ اس کے کام میں جذبات کی شدت، رنگوں کی گرمی، اور معاشرتی مسائل کی عکاسی نظر آتی ہے۔

امیگریشن اور واش روم سے فارغ ہو کر اگلا مرحلہ ہفتے بھر کی سیر کے لیے ٹرین کے ٹکٹ کا انتظام تھا۔ ایئرپورٹ ویانا سٹی سے تقریباً اٹھارہ میل دور ہے۔ ہم سینٹرل ٹرین آفس میں پہنچے اور پورے ہفتے کے لیے پاس بنانے کی درخواست کی۔ وہاں موجود اہلکار نے دوستانہ انداز میں مشورہ دیا کہ بہتر یہ ہوگا کہ ہم اس سے سٹی سینٹر تک جانے کے لیے ٹرین کا ٹکٹ خرید لیں اور ہفتہ بھر شہر میں گھومنے پھرنے کے لیے کچھ ہی دور واقع ایک پرائیویٹ ٹرین اسٹیشن کے دفتر سے ہفتے بھر کا ٹکٹ بنوائیں۔ ہم نے اس مشورے پر عمل کیا۔ قریبی موجود پرائیویٹ کمپنی کے دفتر نے بہت مناسب قیمت میں پورے ہفتے کا ٹرین پاس بنا دیا۔ یہ صرف سٹی سینٹر میں بس ٹرین اور ٹرام، یعنی تمام سہولیات کے لیے کارآمد تھا۔ اس ساری بھاگ دوڑ کے دوران ہلکے سامان کے ساتھ سفر کی افادیت، یعنی صرف بیک پیک اور ایک کیری بیگ کی عقلمندی پر ہم دونوں نے ایک دوسرے کو شاباش دی۔ پھر ہم ایئرپورٹ سے سٹی سینٹر پہنچنے کے لیے ٹرین میں سوار ہوئے۔ کوئی آدھے گھنٹے کی مسافت کے بعد ہم مٹے نام کے اسٹیشن پر اترے۔ یہاں سے ہوٹل پہنچنے کے لیے ہمیں یو فور یا گرین لائن انڈر گراؤنڈ ٹرین پکڑنی تھی۔

مٹے ویانا کے مرکزی شہر کی ہلچل سے بے نیاز ایک چھوٹا سا زیرِ زمین ریلوے کا اسٹیشن ہے۔ اس کا جدید ڈیزائن صاف اور سادہ خطوط کے حسن کا مظہر تھا۔ پلیٹ فارم نرم پیلی اور سفید روشنی کے امتزاج سے خوش باش تھا۔ مسافر ہموار، پالش شدہ فرش پر چلتے اور ٹرین کا انتظار کرتے نظر آتے۔ اسٹیشن اگرچہ چھوٹا، لیکن مؤثر انداز میں کام کرتا نظر آ رہا تھا۔ مسافروں کے لیے آسان اور واضح ہدایات موجود تھیں۔ گرین لائن کے آنے میں چند منٹ باقی تھے۔ نہ جانے کیوں مجھے سندھ کے ایک چھوٹے سے شہر مٹھی کا خیال آیا۔ شاید نام کی مناسبت سے۔ سندھ کا ایک غیر معروف شہر جس کی گلیاں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی خوشبو سے معطر ہیں، جہاں ہندو اور مسلمان گھروں کی دیواریں آپس میں جڑی ہوئی ہیں، جہاں دونوں ثقافتیں ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر دکھ سکھ میں پرجوش انداز سے شرکت کرتی ہیں۔ کاش اس چھوٹے سے شہر کی یہ روشنی اور خوشبو پورے پاکستان میں پھیل سکے۔ محبت اور اخوت کثیف اور بوجھل مذہبی شدت پسندی کو شکست دے سکے۔۔۔
جاری ہے

نئے اور مفید مضامین کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں
www.valueversity.com

Mitte and Mithi, Austria Story, Part TwoShariq AliValueversityThe spaciousness and organized environment of Vienna Inter...
24/06/2025

Mitte and Mithi, Austria Story, Part Two
Shariq Ali
Valueversity

The spaciousness and organized environment of Vienna International Airport pleasantly surprised us. The immigration process was completed in a friendly atmosphere and quickly. This airport felt much more peaceful compared to London airports, with very little hustle and bustle. The reason for this is that Austria’s population is just around nine million, which is less than half the population of Karachi. The quality of the facilities at the airport was excellent. This airport is renowned worldwide for its fastest services, with the shortest connection times of only twenty-five minutes. It also provides family and disability-friendly amenities. Its modern lounges are considered among the best in the world. Various parts of the building are adorned with the artworks of Austria’s famous artists, Gustav Klimt and Egon Schiele, which seem to spread cultural fragrance everywhere.

Vienna's famous artist Gustav Klimt is known for his controversial and emotional paintings. His most famous painting, "The Kiss," portrays romanticism and intense emotions. In Vienna, his museum, the "Gustav Klimt Museum," is adorned with his twentieth-century masterpieces

Vienna is also recognized for its unique "Vienna School of Painting." Here, artists creatively depicted social and cultural changes. Among these artists were Egner, Schinwolf, and Steiner. Another important Viennese artist was Franz Wiles, who promoted the expressionist movement. His work reflects the intensity of emotions, the warmth of colors, and the depiction of social issues.

After finishing the immigration process and using the restroom, the next step was to arrange for a train ticket for our week-long tour. The airport is about eighteen miles away from the city center. We reached the central train office and requested a pass for the entire week. The staff member, in a friendly manner, advised us that it would be better to buy a ticket for the train to the city center and then get a weekly pass from a nearby private train station for the rest of the city's travel. We followed this advice. The nearby private company’s office issued us a very reasonable weekly train pass, valid for buses, trains, and trams within the city center. During all this hustle, we congratulated each other on the wisdom of traveling with light luggage, i.e., just a backpack and a carry bag. Then, we boarded the train to reach the city center. After about a half-hour journey, we got off at the station named Mitte. From here, we had to take the U4 or Green Line underground train to reach our hotel.

Mitte is a small underground railway station, oblivious to the hustle and bustle of Vienna’s main city. The station's modern design was a testament to clean and simple lines. The platform was cheerful with a blend of soft yellow and white lighting. Passengers walked across the smooth, polished floors while waiting for the train. The station, though small, worked effectively and efficiently. Clear and simple instructions were available for the passengers. A few minutes remained for the Green Line to arrive. For some reason, I was reminded of a small town in Sindh called Mithi. Perhaps because of the similarity in the name. Mithi is an obscure town where the streets are fragrant with religious tolerance and brotherhood, where the walls of Hindu and Muslim homes are joined together. Here, both cultures actively participate in each other's joys and sorrows, shoulder to shoulder. I wish the light and fragrance of this small town could spread across all of Pakistan, overcoming the thick and heavy religious extremism with love and fraternity…
To be continued

For More Article Visit Our website:
www.valueversity.com

آسٹریا کہانی: ویانا کی جانب، پہلی قسط، شارق علی،  ویلیوورسٹیمیں اور مونا جہاز کی نشستوں پر ساتھ بیٹھے ناشتے کا مینیو دیک...
23/06/2025

آسٹریا کہانی: ویانا کی جانب، پہلی قسط، شارق علی، ویلیوورسٹی

میں اور مونا جہاز کی نشستوں پر ساتھ بیٹھے ناشتے کا مینیو دیکھ رہے تھے۔ مینیو خاصا طویل تھا لیکن بیشتر ہمارے کام کا نہیں۔ آخرکار ویجیٹیرین میل ڈیل پر اتفاق ہوا۔ چالیس ہزار فٹ کی بلندی پر محوِ پرواز جہاز میں یہ انتظام مناسب سمجھوتہ محسوس ہوا۔ جہاز مسافروں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مختلف قومیتوں کے افراد اپنی اپنی زبانوں میں بات چیت کرتے ہوے۔ کوئی کتاب میں گم تو کسی کی نظریں کھڑکی سے باہر پھیلے نیلے آسمان میں کھوئی ہوئیں، تو کوئی ساتھ بیٹھے مسافر سے محوِ گفتگو۔

یہ پرواز لندن کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ سے روانہ ہوکر ایک گھنٹہ پچاس منٹ میں ویانا پہنچنے والی تھی۔ ویانا—آسٹریا کا دل، جو اپنی ثقافت، تاریخ اور موسیقی کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ موزارٹ اور بیتھوون کی دھنیں، شون برن پیلس کے طلائی دیواروں والے تاریخی ہال اور قدیم باغات کا خیال ذہن میں اندازے قائم کر رہا تھا۔

صبح پانچ بجے کے قریب جب ہم اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پہنچے—جو ہمارے گھر سے صرف دس منٹ کی مسافت پر ہے— تو ایئرپورٹ کی روشنیاں جگمگا رہی تھیں۔ یہ سکول کی چھٹیوں کا موسم تھا، ایئرپورٹ پر ہر طرف ہلچل کا سماں تھا۔ کہیں والدین بچوں کو پیچھے رہ جانے پر سرزنش کر رہے تھے، تو کہیں بچے شوق سفر میں والدین کو آگے کی سمت دھکیلتے نظر آتے۔

سیکیورٹی چیک کی قطار برطانوی نظم و ضبط کی بدولت تیزی سے عبور ہوگئی۔ ڈیوٹی فری شاپس کے درمیان سے گزرتے ہوئے، مہنگی گھڑیوں کی جھلک اور مفت خوشبوؤں کی مہک کو نظر انداز کرتے ہمارا رخ سیدھا مین ویٹنگ ایریا کی جانب تھا۔ ہم کچھ لیٹ ہو چکے تھے اور ایئرپورٹ پر اطمینان سے ناشتے کا منصوبہ ناکام نظر اتا تھا۔ ویسے وہاں اردگرد ریستورانوں کی بہتات تھی۔ لیکن اسکرین پر ہماری فلائٹ کا گیٹ نمبر بلنک کر رہا تھا۔ ہم نے سامنے موجود حلال لبنانی ریستوران کے ناشتے کے مینیو کو حسرت سے تکا اور متعلقہ گیٹ کی جانب تیزی سے قدم بڑھا دیے۔

پرواز وقت پر روانہ ہوئی۔ اور اب ہم ویجیٹیرین ناشتے سے جوں توں فارغ ہوکر نیم دراز اپنی نشستوں پر ویانا کے بارے میں شیخ چلی اندازے لگا رہے تھے۔

ویانا—باروک طرزِ تعمیر کی شاندار عمارتوں اور یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل کیفے کلچر کا شہر— ہم سوچ رہے تھے کہ جانے یہ شہر کیسا ہوگا؟ کیا اس کے کیفے اور چائے خانوں میں بیٹھے دانشوروں کی دلکش گفتگو آج بھی فضا میں گونجتی ہوگی؟ شون برن پیلس کی دیواریں اور باغات کیا اب بھی ماضی کی شان و شوکت کا پتہ دیتے ہوں گے؟ ایسے سوالوں کے جواب جلد ہی حقیقت بن کر ہمارے سامنے آنے والے تھے۔

اناؤنسمنٹ ہوئی اور کچھ دیر بعد جہاز نے ویانا ایئرپورٹ کے لیے اپروچ بنانا شروع کی۔ کھڑکی سے نیچے کے مناظر دلکش تھے: ہلکی پہاڑیاں جنہیں گھنے جنگلوں نے ڈھانپ رکھا تھا اور ہموار میدان جہاں تازہ سبز فصلیں لہلہا رہی تھیں۔ کم از کم ہماری کھڑکی سے شہری بلند و بالا عمارتوں کا کوئی نام و نشان نظر نہ اتا تھا۔

آہستہ آہستہ جہاز نیچے ایا اور ایک نرم ٹچ ڈاؤن کے بعد ایئرپورٹ کی مرکزی عمارت کی جانب بڑھنے لگا۔

ہم اسٹریا کی سرزمین پر قدم رکھ چکے تھے۔ ویانا جہاں موسیقی، تاریخ اور فنونِ لطیفہ کی روح سانس لیتی ہے ....جاری ہے

نئے اور مفید مضامین کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں
www.valueversity.com

Austria Story: Towards Vienna, Part One, Shariq Ali, ValueversityMona and I sat together in our airplane seats, browsing...
23/06/2025

Austria Story: Towards Vienna, Part One, Shariq Ali, Valueversity

Mona and I sat together in our airplane seats, browsing through the breakfast menu. The menu was quite extensive, but most of it wasn’t to our taste. Finally, we agreed on the vegetarian meal deal. At 40,000 feet, this arrangement seemed like a reasonable compromise. The airplane was packed with passengers—people from different nationalities conversing in their respective languages. Some were lost in their books, others gazed at the endless blue sky outside the window, and a few were engrossed in conversations with their seatmates.

This flight had departed from London Stansted Airport and was scheduled to reach Vienna in an hour and fifty minutes. Vienna—the heart of Austria, globally renowned for its culture, history, and music. The melodies of Mozart and Beethoven, the golden-walled historical halls of Schönbrunn Palace, and the image of its ancient gardens all stirred visions in my mind.

At around 5:00 AM, when we reached Stansted Airport—just a ten-minute drive from our home—the airport lights were gleaming. It was school holiday season, and the airport was bustling. Parents could be seen scolding their children for lagging behind, while enthusiastic children were pushing their parents forward in excitement for the journey ahead.

The security check queue moved swiftly, thanks to British discipline. Passing through the duty-free shops, we ignored the glitter of expensive watches and the wafting scents of free perfumes, heading straight for the main waiting area. We were running a little late, and the plan to have a relaxed breakfast at the airport seemed unsuccessful. There were plenty of restaurants around, but the screen was already flashing our flight gate number. With a hint of longing, we glanced at the breakfast menu of a nearby halal Lebanese restaurant and briskly headed towards our designated gate.

The flight departed on time. Now, having finished our vegetarian breakfast with some effort, we lounged semi-reclined in our seats, speculating about Vienna in a "Sheikh Chilli" fashion.

Vienna—a city of grand Baroque architecture and UNESCO World Heritage café culture—made us wonder: what would this city be like? Would the delightful conversations of intellectuals still echo in the cafés and tea houses? Would the walls and gardens of Schönbrunn Palace still narrate the grandeur of the past? Soon, answers to such questions would transform into reality before us.

An announcement came through, and shortly after, the airplane began its approach to Vienna Airport. The views outside the window were enchanting: gentle hills blanketed by dense forests and vast fields where fresh green crops swayed in the breeze. At least from our window, there was no sign of towering urban buildings.

Gradually, the airplane descended and, after a smooth touchdown, taxied towards the main airport terminal.

We had stepped onto Austrian soil. Vienna, where music, history, and the soul of fine arts breathe... To be continued.

For More Article Visit Our website:
www.valueversity.com

کنگز کالج کی کھڑکیتحریر: شارق علی | ویلیوورسٹییہ بہت برس پرانی بات ہے جب میں نے پہلی بار کیمبرج دیکھا۔ میں ایک ہفتے کے ل...
22/06/2025

کنگز کالج کی کھڑکی

تحریر: شارق علی | ویلیوورسٹی

یہ بہت برس پرانی بات ہے جب میں نے پہلی بار کیمبرج دیکھا۔ میں ایک ہفتے کے لیے کنگز کالج کے ہاسٹل میں مقیم تھا۔ یہ میری پلاسٹک سرجری کی تربیت کا زمانہ تھا اور میں ایک ہفتے پر مشتمل ایڈوانسڈ پلاسٹک سرجری کے ریزیڈنشل کورس میں شرکت کے لیے کیمبرج آیا ہوا تھا۔

یہاں کی داستان گو پتھریلی گلیاں، تھوڑے تھوڑے فاصلے پر قائم مختلف کالجوں کی قدیم اور پرشکوہ عمارتیں، کنگز کالج کیتھیڈرل اور اس کے سبزہ زار، شہر کے مرکز کی علمی چہل پہل اور اندرونی گلیوں کی مدبرانہ خاموشی، دریائے کیم کے ساتھ ساتھ گہری سوچ میں ڈوبی دھیمی چہل قدمی، اور فٹز ویلیم میوزیم کی دوستانہ علمیت — سب کچھ بہت متاثر کن محسوس ہوتا تھا۔ جلد ہی میری اس شہر سے گہری دوستی ہو گئی۔

دوپہر کے وقت جب صبح کے لیکچرز سے فراغت ملتی تو میں ہاسٹل کے کمرے کی کھڑکی کے پاس بیٹھ کر لنچ کرتا۔ باہر نظر آتا دریائے کیم، اس میں پنٹنگ کرتی کشتیاں، اور پس منظر میں دکھائی دیتا "دی بیک" کا مرغزار—یہ سب مناظر میرے سامنے ہوتے۔ آتے جاتے سیاح، طالب علموں کی ہنسی سے گونجتی ٹولیاں—یہ منظر ایک خواب کی طرح محسوس ہوتا۔ ان لمحوں میں مجھے کئی عظیم لوگ یاد آتے: آیزک نیوٹن، سی ایس لیوس، عبدالسلام، اور ایلن ٹیورنگ۔

یہ وہی کالج ہے جہاں ایلن ٹیورنگ نے تعلیم حاصل کی تھی۔

میں اکثر سوچتا—کیا انہی گلیوں سے کبھی ٹیورنگ بھی گزرا ہوگا؟ وہ خاموش، گم سم لڑکا، جو دوسروں سے مختلف تھا، مگر ذہانت میں بے مثال۔ شاید اسی کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے اُس نے "یونیورسل مشین" کا تصور سوچا ہو—ایسی مشین جو ہر مسئلے کا حل نکال سکتی ہے، اگر اُسے درست ہدایات دی جائیں۔ آج ہم اسے کمپیوٹر کہتے ہیں۔ شاید اس عظیم انقلاب کی جڑیں یہی منظر بنے ہوں جو اُس وقت اُس کے سامنے تھے۔

دوسری جنگِ عظیم کے دوران، ٹیورنگ نے کیمبرج کی ان پُرسکون گلیوں کو چھوڑ کر لندن کے قریب بلیچلی پارک کا رخ کیا، جہاں اُس نے نازیوں کے خفیہ کوڈ "اینگما" کو توڑنے کے لیے ایک مشین ایجاد کی—جو ابتدائی کمپیوٹر سے ملتی جلتی تھی۔ ماہرین کے مطابق، ٹیورنگ کی کوششوں سے جنگ تقریباً دو سال پہلے ختم ہو گئی اور لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔ لیکن عام دنیا کو اس قربانی اور ذہانت کا ادراک بہت بعد میں ہوا۔

اگرچہ وہ ایک قومی ہیرو تھا، 1952 میں اُسے محض اس بنیاد پر مجرم قرار دیا گیا کہ وہ ہم جنس پرست تھا—ایک ایسا عمل جو اُس وقت برطانیہ میں قابل سزا جرم تھا۔ اُس نے جھوٹ بولنے کی بجائے سچ بولنا بہتر سمجھا اور سزا قبول کی۔ اُسے قید یا کیمیکل کاسٹریشن کا انتخاب دیا گیا، اور اُس نے بعد والا راستہ چُنا۔ یہ سزا اُس کے جسم و جان دونوں کے لیے اذیت ناک ثابت ہوئی۔ دو برس بعد، صرف اکتالیس برس کی عمر میں، ایلن ٹیورنگ اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔

سالوں بعد، برطانیہ کو اپنی سنگین غلطی کا احساس ہوا۔ 2009 میں حکومتِ برطانیہ نے اس پر سرکاری معافی مانگی، 2013 میں اُسے شاہی معافی دی گئی، اور 2021 میں اس کی تصویر پچاس پاؤنڈ کے نوٹ پر شائع کی گئی۔

ٹیورنگ، جنہیں کمپیوٹر سائنس کا بانی مانا جاتا ہے، نے 1950 میں یہ خیال پیش کیا کہ اگر کوئی مشین انسان کی طرح سوچ سکتی ہے اور گفتگو میں انسان کو دھوکہ دے سکتی ہے، تو اُسے "ذہین" کہا جا سکتا ہے۔ اس نظریے کو بعد میں "ٹیورنگ ٹیسٹ" کہا گیا، جو مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے بنیادی تصورات میں شمار ہوتا ہے۔

شاید کنگز کالج کے ہاسٹل کے اُس چھوٹے سے کمرے کی کھڑکی وقت اور تاریخ کے ایک دکھ بھرے لمحے کی طرف کھلتی تھی۔ آج میری مستقل رہائش کیمبرج کے قریب ہے اور میرا اس شہر میں اکثر آنا جانا رہتا ہے۔ بہت سی دیگر یادوں کے ساتھ یہ اداس کہانی بھی کبھی کبھار میرا ہاتھ تھام لیتی ہے۔

ایلن ٹیورنگ کی کہانی صرف کمپیوٹر کی ایجاد، مصنوعی ذہانت کی بنیاد یا جنگِ عظیم کی فتح کی داستان نہیں ہے—یہ ایک ایسے انسان کی کہانی ہے جو خاموشی سے دنیا بدل گیا۔ ایک وژنری، جو آنے والے وقت کو دیکھ سکتا تھا، لیکن جس کے ذاتی انتخاب پر دنیا نے سفاکی سے ظلم کیا۔

جب کبھی آپ اپنا موبائل استعمال کریں یا مصنوعی ذہانت کا کوئی ٹول آپ کے سوال کا جواب دے، تو یاد رکھیے: یہ کسی کی ذہنی کاوش، تنہائی اور ایک خواب کی تعبیر ہے۔ ایک شرمیلا، خاموش نوجوان، جس نے کنگز کالج کی کھڑکی سے مستقبل کو دیکھ لیا تھا۔

نئے اور مفید مضامین کے لیے ویب سائٹ وزٹ کریں
www.valueversity.com

Address


Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Valueversity posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Business

Send a message to Valueversity:

Shortcuts

  • Address
  • Telephone
  • Alerts
  • Contact The Business
  • Claim ownership or report listing
  • Want your business to be the top-listed Media Company?

Share